’’ٹری مین‘‘ کا مرض ختم کرنے کیلئے مزید 6 بار سرجری کا فیصلہ

Last Updated On 23 January,2019 09:04 am

ڈھاکہ: (روزنامہ دنیا) ’’ٹری مین‘‘ کے نام سے مشہور بنگلہ دیشی شہری دراصل ایک شدید قسم کی جلدی بیماری میں مبتلا ہے جس میں ہاتھوں اور پیروں میں درخت نما جڑیں نکل آتی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق بنگلہ دیش کے جنوبی حصے میں رہنے والا ابو البجندار 2016 سے ’’ٹری مین‘‘ کے نام سے مشہور ہے، درحقیقت وہ ایپی ڈرمو ڈسپلیژیا نامی جلدی مرض میں مبتلا ہے جس میں ہاتھ اور پیروں میں درخت کی شاخیں نما جڑیں نکل آتی ہیں۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ ابو البجندار کو دوبارہ ہسپتال میں داخل کرا دیا گیا ہے جہاں انہیں دوبارہ سرجری کا سامنا کرنا پڑیگا۔ 28 سالہ ابو البجندار گزشتہ 2 دہائیوں سے اس عجیب و غریب میں مبتلا ہے، 2016 میں 25 بارسرجری کی گئی تھی تاہم ابو البجنددار گھر چلے گئے اور مزید علاج پر آمادہ نہیں ہوئے، اب ان کو دوبارہ اس پرراضی کیا گیا ہے کہ مزید سرجری سے انہیں اس مرض سے نجات مل سکتی ہے۔

ڈاکٹر کے مطابق ابو البجندار کی حالت پہلے سے بدترین ہو چکی ہے اور ان کے ہاتھوں پر بندھنے والی گانٹھیں ایک انچ تک لمبی ہو چکی ہیں اور اب ان کے پیروں سمیت جسم کے مختلف حصوں پر درخت نما جڑیں نکل آئیں ہیں تاہم امید ہے کہ مزید 6 بار سرجری کر کے اس مرض کو ختم کر دیا جائے گا۔