ٹوکیو: (روزنامہ دنیا) ٹوکیو کے کائیو یونیورسٹی ہسپتال میں اس بچے کی پیدائش گزشتہ سال اگست میں ہوئی تھی اور اس کا وزن محض 268 گرام تھا۔ڈاکٹروں کے مطابق اس بچے کی پیدائش ایمرجنسی آپریشن سے اس وقت ہوئی جب حاملہ خاتون کے 24 ویں ہفتے میں سکین سے علم ہوا کہ بچے کی نشوونما نہیں ہورہی ۔
اس بچے کا قد اتنا کم تھا کہ وہ ڈاکٹروں کے ہاتھوں میں فٹ آجاتا اور پیدائش کے بعد اسے انتہائی نگہداشت وارڈ میں رکھا گیا جہاں اس کا وزن 3.2 کلوگرام تک بڑھ گیا۔اب 7 ماہ بعد گزشتہ ہفتے اس بچے کو گھر جانے کی اجازت مل گئی،ڈاکٹروں کو امید ہے کہ اس بچے کے بچنے سے ایسے خاندانوں کو نئی امید ملے گی جن کے ہاں بچوں کی بہت جلد یا بہت کم وزن کیساتھ پیدائش ہوتی ہے ۔اس سے قبل سب سے کم وزن والے بچے کا ریکارڈ جرمنی سے تعلق رکھنے والے بچے کے پاس تھا جس کی پیدائش 2009 میں ہوئی تھی اور اس کا وزن 274 گرام تھا۔اب تک سب سے کم وزن یعنی 300 گرام جسمانی وزن کے حامل محض 23 بچوں کو بچانے میں کامیابی مل سکی ہے اور ان میں صرف 4 لڑکے ہیں۔