پاکستان سمیت کئی ممالک میں سپر مون

Last Updated On 20 February,2019 10:30 am

کراچی: (روزنامہ دنیا) پاکستان سمیت کئی ممالک میں سپرمون کا نظارہ کیا گیا۔‘سپرمون’ چودھویں کے اس مکمل چاند کو کہتے ہیں جب چاند اور زمین کی باہمی قربت کی وجہ سے وہ بڑا اور روشن دکھائی دے۔

گزشتہ رات چاند زمین سے صرف 3 لاکھ 56 ہزار 846 کلومیٹر کے فاصلے پر تھا ورنہ عام حالات میں یہ فاصلہ زیادہ ہوتا ہے۔ اس بات کا اندازہ اس امر سے لگایا جاسکتا ہے کہ اس سال 14 ستمبر کو چاند زمین سے بعید ترین فاصلے پر یعنی 4 لاکھ 6 ہزار 248 کلومیٹر دور ہوگا۔

ناسا کے مطابق چاند زمین کے گرد مکمل گول دائرے کے بجائے انڈے کی طرح بیضوی مدار میں گردش کرتا ہے اور زمین سے کبھی دور اور کبھی قریب ہوتا جاتا ہے۔ ناسا کے مطابق پاکستان وقت کے مطابق 8 بج کر 55 منٹ پر چاند زمین سے قریب ترین اور خاصا بڑا اور روشن دکھائی دیا۔ اگرچہ اگلے ماہ کی 20 تاریخ کو بھی سپرمون ہوگا لیکن اس کا زمین سے فاصلہ لگ بھگ 3 لاکھ 60 ہزار 772 کلومیٹر ہوگا۔

چیف میٹرو لوجسٹ کراچی عبدالرشید کے مطابق ملک کے جو علاقے ابرآلود موسم اور بادلوں کی لپیٹ میں رہے وہاں تو سپر مون کا واضح نظارہ کرنے میں دقت کا سامنا رہا تاہم جن شہروں میں مطلع صاف تھا وہاں پر سپر مون کا بخوبی نظارہ کیا گیا۔

عبدالرشید کے مطابق یہ سال کا دوسرا سپر مون تھا اس سے قبل سال کے پہلے سپرمون کا نظارہ 21 جنوری 2019 کو کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا ایسا اس وقت ہوتا ہے جب چاند زمین کے 90 فیصد قریب آجائے اس وقت چاند اپنے حجم سے 14 فیصد بڑا جبکہ 30 فیصد زیادہ روشن دکھائی دیتا ہے۔ شہریوں نے سپرمون کا خوب نظارہ کیا، تصاویر بنائیں اور سوشل میڈیا پر اپ لوڈ بھی کیں۔