لاہور: (دنیا نیوز) ملک کے بیشتر علاقوں میں سردی کے ڈیرے ہیں، آئندہ چوبیس گھنٹے میں موسم سرد اور خشک رہے گا تاہم پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے، آج کم سے کم درجہ حرارت استور اور کالام میں منفی 12ریکارڈ کیا گیا۔
بارشوں کا سلسلہ تو تھم گیا مگر سردی اپنے جوبن پر ہے۔ پہاڑوں نے سفید چادراوڑھ رکھی ہے، کئی علاقوں میں پارہ نقطہ انجماد سے بھی نیچے ہے۔
موسم کا حال بتانے والوں نے بتایا کہ استور اور کالام میں شدید سردی کا راج ہے، درجہ حرارت نقطہ انجماد سے بھی بارہ درجے نیچے آ گیا، سکردو میں منفی 11، زیارت منفی 06، راولاکوٹ منفی 05، ہنزہ، قلات اور مری منفی 04، دالبندین اور کوئٹہ منفی 03، گلگت میں منفی 01 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
اسلام آباد میں درجہ حرارت تین، لاہور میں پانچ، کراچی میں دس، فیصل آباد 5، ملتان 6 اور پشاور میں چار ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات نے آج ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کی پیش گوئی کی ہے تاہم پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔