سردی کی لہر برقرار، کل سے بارش کے نئے سلسلے کی پیش گوئی

Last Updated On 04 February,2019 12:07 pm

لاہور: (دنیا نیوز) ملک بھر میں سردی کی لہر برقرار ہے، محکمہ موسمیات نے کل سے بیشتر علاقوں میں بارش کا نیا سلسلہ شروع ہونے کی پیش گوئی کی ہے، پہاڑوں پربھی برفباری کا امکان ہے۔ آج سب سے کم درجہ حرارت سکردو میں منفی 10 ریکارڈ کیا گیا۔

ملک میں سردی کا راج جوں کا توں، محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کا نیا سلسلہ بالائی خیبرپختونخوسے ملک میں داخل ہو گا جس سے پشاور، ہزارہ، اور کوہاٹ میں بادل برسیں گے، پنجاب کے مختلف علاقوں میں بھی بادلوں کی جھڑی لگے گی، منگل سے جمعرات تک لاہور، راولپنڈی، اسلام آباد، گوجرانوالہ، فیصل آباد، بہاولپور اور ساہیوال میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ہوگی۔

بلوچستان کے مختلف علاقوں کوئٹہ، ژوب، قلات اور مکران میں بھی ابر کرم برسے گا، سندھ کے علاقے سکھر اور لاڑکانہ میں بھی بارش کا مکان ہے، موسم کی خبر دینے والوں کا کہنا ہے کہ دو روز کے دوران مری، گلیات، سوات، کالام، مالم جبہ، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی آسمان سے روئی کے گالے برسیں گے۔

آج سب سے کم درجہ حرارت، سکردو میں منفی 10ریکارڈ کیا گیا جبکہ کالام منفی 08، استور منفی 06، مالم جبہ منفی 05، ہنزہ، منفی 04، مری منفی 03 اور گلگت میں منفی 01 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

اسلام آباد میں کم سے کم درجہ حرارت4، لاہور 6، فیصل آباد 6، ملتان 5، پشاور 5، کوئٹہ صفر اور کراچی میں 13 ڈگری رہا۔