لاہور: (دنیا نیوز) لاہور میں بوندا باندی کا سلسلہ جاری ہے، کراچی سمیت سندھ اور بلوچستان میں بارش کا امکان ہے، مری، گلیات میں برفباری متوقع ہے۔
بالائی علاقوں میں خون جما دینے والی سردی، سکردو میں پارہ منفی 20 تک گر گیا دیگر بالائی علاقوں میں بھی سردی انتہا کو چھو رہی ہے۔ برفباری کے بعد بعض مقامات پر درجہ حرارت منفی 25 تک گر گیا، لوگوں گھروں میں محصور ہوکر رہ گئے۔
ادھر بلوچستان میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش نے موسم کو مزید سرد بنا دیا۔ صبح سویرے کوئٹہ شہر کو سرمئی بادلوں نے گھیر لیا اور پھر شروع ہوا برسات کا سلسلہ جس نے سردی کی شدت میں اضافہ کر دیا۔
کراچی بھی والے تیار ہوجائیں جہاں آج اور کل بادل برسیں گے۔ موسم کی خبر دینے والوں کا کہنا ہے دو روز تک بالائی خیبرپختونخوا، بالائی پنجاب اور سندھ کے مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ہوگی جبکہ پہاڑوں پر برفباری کا بھی امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج کم سے کم درجہ حرارت استور میں منفی 16، بگروٹ منفی 15، کالام منفی 14، ہنزہ منفی 08، مالم جبہ منفی 06، کوئٹہ منفی 04، قلات منفی 03، مری 02، گلگت اور مظفرآباد میں منفی 01 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ اسلام آباد میں کم سے کم درجہ حرارت صفر، لاہور 3، فیصل آباد 4، ملتان 7، پشاور 2 اور کراچی میں 12 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔