لاہور (روزنامہ دنیا) مسلم لیگ ن کی سینئر رہنما تہمینہ دولتانہ نے ایک ٹی وی انٹرویو میں انکشاف کیا کہ نواز شریف نے نواسی کی شادی میں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو نہیں بلایا، وہ رائیونڈ بن بلائے آگئے تھے، تعلقات اچھے ہوں تو لوگ بغیر بلائے بھی آتے ہیں، نواز شریف پیچھے ہٹیں گے اور نہ ہی ڈیل کریں گے، نواز شریف کی چُپ زلزلے سے پہلے والی خاموشی ہے، اسٹیبلشمنٹ کو غیر مقبول لوگ پسند ہیں۔
تہمینہ دولتانہ نے کہا کہ ہر جماعت کی طرح ن لیگ میں بھی گروپس ہیں مگر شہباز شریف ایسا کام نہیں کریں گے جو نواز شریف کی مرضی کے خلاف ہو، شہباز شریف جانتے ہیں کہ ووٹ صرف نواز شریف کا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عثمان بزدار سے موازنہ کرنا وسیم اکرم کی بے عزتی ہے۔
اپنے جیل میں گزارے ایام کو یاد کرتے ہوئے تہمینہ دولتانہ نے کہا کہ مجھے سزائے موت کے قیدیوں کے ساتھ جیل میں رکھا گیا جیل کے اندر سانپ چھوڑے جاتے اور رات میں بلی پھینکی جاتی تھی۔