سردی کا راج برقرار، پہاڑوں پر برفباری، گلیات میں رابطہ سڑکیں بند

Last Updated On 03 February,2019 02:34 pm

لاہور: (دنیا نیوز) ملک میں سردی کا راج برقرار ہے، پہاڑوں پر برفباری کے بعد وائٹ کارپٹ بچھا ہے۔ سب سے زیادہ سردی سکردو میں منفی 9 ریکارڈ کی گئی جبکہ اسلام آباد 4، لاہور 5 اور کراچی میں 13 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

 

ملک بھر میں سردی کے ڈیرے، بالائی علاقوں میں سفیدی ہی سفیدی چھائی ہے جس سے موسم شدید سرد ہے۔ گلیات اور بٹگرام کے علاقوں میں دو روز بعد بھی راستے نہ کھولے جا سکے۔ رابطہ سڑکیں بند ہونے سے لوگوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔ تاہم بالائی علاقوں میں مطلع جزوی طور پر ابرآلود رہنے اور جنوبی پنجاب اور بالائی سندھ میں صبح کے وقت ہلکی دھند پڑنے کا امکان ہے۔

آج سب سے کم درجہ حرارت سکردو میں منفی 09، بگروٹ منفی 08، کالام ، استور منفی 07، مالم جبہ 05، قلات منفی 04، ہنزہ اور مری منفی 03 اور کوئٹہ میں منفی 01 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ اسلام آباد میں کم سے کم درجہ حرارت 4، لاہورپانچ، فیصل آباد 6، ملتان 5، پشاور 4 اور کراچی میں 13 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔