بنکاک: (ویب ڈیسک) چند روز قبل تھائی لینڈ کے ایک شخص نے اپنی بیٹی کی شادی کا اشتہار دیا تھا جس میں اس نے اپنے متوقع داماد کو 2 لاکھ 40 ہزار پاؤنڈ (تقریباً 4کروڑ روپے) اور اپنے فارم ہاؤس میں سے حصہ دینے کا اعلان کیا تھا۔ تاہم اس داماد کا انتخاب امیدواروں کے مابین ایک مقابلے میں کیا جانا تھا۔ اب اس شخص نے اس مقابلے کی منسوخی کا اعلان کر دیا ہے۔
میل آن لائن کے مطابق اس ارب پتی شخص کا نام انونت روتھونگ تھا، جس کا کہنا ہے کہ چند دن میں ہی اس کی بیٹی سے شادی کے اتنے زیادہ خواہش مندسامنے آ گئے ہیں کہ اب وہ مقابلہ منعقد نہیں کرنا چاہتا۔
58 سالہ روتھونگ کا کہنا ہے کہ اب تک 10 ہزار سے زائد مرد مجھ سے رابطہ کر چکے ہیں، جو میری 26 سالہ بیٹی سے شادی کرنا چاہتے ہیں۔ میں نے اپنے متوقع داماد کے لیے شہریت اور تعلیم کی کوئی شرط نہیں رکھی تھی چنانچہ مجھے کئی ممالک سے لوگوں نے رابطہ کیا۔
روتھونگ نے کہا کہ میں چاہتا تھا کہ اپنے فروٹ فارم پر ان لوگوں کے درمیان ایک مقابلہ کرواؤں، جس میں ان سے مختلف کام کروائے جائیں اور ان میں سے کسی ایک موزوں شخص کا انتخاب کیا جائے، لیکن اس اعلان کے بعد سے میرا فون مسلسل بج رہا ہے اور میں نے تنگ آ کر اسے گھر میں ایک دیوار کے ساتھ لٹکا دیا ہے۔ اب میں لوگوں سے درخواست کر رہا ہوں کہ پیغامات مت بھیجیں اور مجھے کچھ آرام کرنے دیں۔ میں یہ مقابلہ ہی نہیں کروانا چاہتا۔