لاہور: (دنیا نیوز) مضر صحت دودھ کے خلاف پنجاب فوڈ اتھارٹی کی اب تک کی سب سے بڑی کارروائی کی گئی جس میں 15 ہزار لیٹر کیمیکلز ملا دودھ پکڑا گیا۔
مضر صحت دودھ 4 گاڑیوں میں قصور کے ایک گاؤں سے لاہور لایا جا رہا تھا۔ لاہور کے داخلی راستے پر جب دودھ کی چیکنگ ہوئی تو معلوم پڑا کہ دودھ میں صرف پانی ہی نہیں بلکہ مضر صحت کیمیکلز کی ملاوٹ بھی کی گئی ہے۔ دودھ کے مضرصحت ثابت ہونے پر اِسے تلف کردیا گیا۔
دودھ لانے والی چاروں گاڑیوں کے ڈرائیوروں کو حراست میں لے لیا گیا جبکہ دودھ کا یہ مکروہ دھندہ کرنے والے دیگر افراد کا بھی پتہ لگایا جا رہا ہے۔ ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی محمد عثمان کا کہنا ہے کہ ملاوٹی دودھ کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ مزید وسیع کر دیا گیا ہے، ملاوٹی دودھ کی فروخت کا سدباب کرنے کے لیے پاسچرائزیشن قانون جلد لاگو کرنے کی ضرورت ہے۔