ملتان: (دنیا نیوز) ملتان میں دنیا میڈیا گروپ کے زیر اہتمام دنیا کسان دوست میلے کے آج تیسرے اور آخری روز جنوبی پنجاب بھر سے آئے شرکاء کا رش رہا، نیزا بازی کے مقابلوں کا انعقاد بھی آج ہی ہو گا۔
بہاؤ الدین زکریا یونیورسٹی ملتان میں دنیا کسان دوست میلے کا آج تیسرا اور آخری روز ہے، میلے میں 80 سے زائد ملکی اور بین الاقوامی کمپنیوں کے اسٹالز لگائے گئے ہیں، جہاں پر زراعت کے حوالے سے نئی مشینری شرکاء کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔
دنیا کسان دوست میلے میں مختلف اسٹالز پر لائیو سٹاک اور فصلوں کی پیداوار بڑھانے کے حوالے سے کسانوں کو ماہرین کی جانب سے مفید اور قیمتی مشورے بھی دیئے جا رہے ہیں، جسے شرکاء کی جانب سے بھی خوب سراہا جا رہا ہے، میلے کے انعقاد کا مقصد ایگریکلچر اور لائیو سٹاک کی فیلڈ میں نت نئی ایجادات کے حوالے سے کسانوں کو آگاہی فراہم کرنا ہے تاکہ کسان اس میلے سے فایدہ اٹھا کر اپنی فصلوں کی پیداوار بڑھا سکیں اور برآمد میں اضافہ کر کے پاکستان کے لئے کثیر زیر مبادلہ کمانے کا باعث بھی بنیں۔
دنیا کسان دوست میلہ ایک روایتی میلے کی شکل اختیار کر گیا ہے جہاں پر آج نیزہ بازی کے مقابلوں کا بھی انعقاد کیا جائے گا، اس موقع پر دنیا میڈیا گروپ کی جانب سے میلے میں شریک افراد کے لئے قرعہ اندازی بھی کرائی جائے گی، جہاں پر جیتنے والے خوش نصیبوں میں ٹریکٹر اور موٹر سائیکل سمیت بیش بہا قیمتی انعامات بھی تقسیم کیئے جائیں گے، جس سے شرکاء کی میلے میں دلچسپی مزید بڑھ گئی ہے۔ میلے کے شرکاء نے دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے دنیا میڈیا گروپ سے ایسے میلے جاری رکھنے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔