لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان اوربھارت کے درمیان کشیدگی کے معاملے پر گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے برطانوی اور یورپی ارکان پارلیمنٹ کو خطوط لکھ دیئے۔ ارکان پارلیمنٹ سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ بھارت کے جنگی جنون کے خاتمے کے لئے کردار ادا کریں۔
پاکستان اوربھارت کے درمیان سرحدی کشیدگی، گورنرپنجاب چوہدری محمد سرور کی جانب سے برطانوی اور یورپی ارکان پارلیمنٹ کو خطوط ارسال خطوط میں اراکین پارلیمنٹ کو بھارتی جارحیت اور اسکے جنگی جنون بارے آگاہ کیا گیا۔
پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ سے پورا خطہ متاثر ہو گا، خط میں مطالبہ کیا گیاہے کہ اراکین پارلیمنٹ بھارت کے جنگی جنون کے خاتمے کیلئے کردار ادا کریں۔ خط میں مزید کہا گیا ہے کہ یورپی اور برطانوی پارلیمنٹ پاک بھارت امن کے لیے اہم کردار ادا کر سکتی ہیں۔
وزیراعظم عمران خان اور افواج پاکستان نے بھارت کو امن کا پیغام دیا ہے، جنگ شروع کرنا آسان، اس کو ختم کرنا مشکل ہوتا ہے۔ عراق و افغانستان کی مثالیں موجود ہیں۔ پاکستان نے بھارتی پائلٹ کو رہا کر کے امن کا واضح پیغام دیا مگرہندوستان ہٹ دھرمی پر قائم ہے۔
گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے خط میں کہا ہے کہ پلوامہ حملے کے بعد پاک بھارت تعلقات کشیدہ ہو چکے ہیں، بھارت سے کہا ہے پلوامہ کے بارے ثبوت ہیں تو دیں مگر انکے پاس کوئی ثبوت نہیں۔ نریندر مودی انتخابات میں کامیابی کیلئے جنگی جنون پیدا کر رہا ہے، ہم پاکستان کے دفاع اور خود مختاری پر سمجھوتہ نہیں کریں گے۔