یورپ میں برفباری کا 30 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا، ہلاکتوں کی تعداد 26 ہو گئی

Last Updated On 15 January,2019 09:44 am

برسلز: (دنیا نیوز) یورپ میں برفباری کا 30 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا۔ اکنامک فورم سے ایک ہفتہ قبل برفباری کےباعث ڈیووس کا کئی علاقوں سے رابطہ منقطع ہوگیا۔ مختلف حادثات میں ہلاکتوں کی تعداد 26 ہو گئی۔

سوئٹزرلینڈ، جرمنی، آسٹریا اور فرانس سمیت یورپی ممالک میں تیس سال کی بدترین برفباری سے پہاڑی علاقوں میں برفانی تودے گرنے کے خطرات بڑھ گئے۔ کچھ جگہوں پر 48 گھنٹوں کے دوران دس فٹ تک برفباری ریکارڈ کی گئی ہے۔

سوئٹزرلینڈ میں ڈیووس اور چند دیگر شہروں کے زمینی راستے بند ہو گئے۔ یہاں آئندہ ہفتے ورلڈ اکنامک فورم کا سالانہ اجلاس ہونا ہے۔ خراب موسم کےباعث شہر میں ٹرین سروس بھی معطل ہے۔


سوئس ایلپس میں سیاحوں سمیت تقریباً 2200 افراد کا رابطہ کٹ کر رہ گیا۔ سرحدی علاقے برگ ٹیس گاڈن میں کئی فٹ برف کے ڈھیر لگ گئے۔ محکمہ موسمیات نے اس ہفتے بھی شدید برفباری کی پیش گوئی کی ہے۔