نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارت میں ایک خاتون نے گاڑی کا اے سی بار بار خراب ہونے کے بعد انوکھا حل ڈھونڈتے ہوئے گاڑی پر گوبر لیپ دیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی شہر احمد آباد میں ایک خاتون نے سخت گرمی کے دوران گاڑی کو ٹھنڈا رکھنے کے لیے حیرت انگیز طریقہ اپنایا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے۔ لوگ سڑکوں پر فراٹے بھرتی کرولا کو دیکھ رہے ہیں جس کو گائے کے گوبر سے لیپ کیا ہوا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق جب خاتون سے پوچھا گیا کہ ایسا کیوں کیا تو اس کا کہنا تھا کہ سخت گرمی کے دوران گاڑی کا اے سی متعدد بار خراب ہو چکا ہے جس کی وجہ سے میں نے تنگ آ کر دیسی نسخہ کو اپنایا اور گاڑی پر گوبر لیپ کیا اس عمل کے بعد گاڑی کا درجہ حرارت بہت حد تک کم ہو گیا ہے۔
یاد رہے کہ بھارت میں ان دنوں سخت گرمی پڑ رہی ہے جبکہ بھارتی ریاست کا شمار گرم ترین ریاستوں میں ہوتا ہے۔ وہاں مئی سے اگست تک درجہ حرارت اکثر اوقات 50 تک بھی پہنچ جا تا ہے۔