بسکٹ میں کریم کی جگہ ٹوتھ پیسٹ کھلانے والے کو جیل کی سزا

Last Updated On 06 June,2019 07:39 pm

بارسلونا: (نیٹ نیوز) ہسپانوی یوٹیوبر کو مذاق میں ویڈیو بنانے پر جیل کی سزا سنائی گئی ہے۔ اس نے ایک بے گھر شخص کو بسکٹ میں سفید کریم کی جگہ ٹوتھ پیسٹ ڈال کر کھلانے کا مذاق کیا تھا اور اس کی ویڈیو بنائی تھی۔

اس طرح بسکٹ کھانے والے غریب بے گھر کو قے آگئی تھی جس پر لوگوں نے شدید ردِعمل کا اظہار کیا تھا۔ سپین کے 21 سالہ یوٹیوبر کنگہوا رین ایک مشہور یوٹیوب چینل کے مالک ہیں اور انہیں اس جمعے کو 15 ماہ قید کی سزا ہو گئی ہے۔

عدالت نے یوٹیوبر کو متاثرہ شخص کو 22 ہزار ڈالر ہرجانے کا حکم دیتے ہوئے اس کے چینل بند کرنے کے احکامات بھی جاری کئے لیکن اب تک یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ آیا رین کو سزا بھی ہوگی یا نہیں؟ کیونکہ ہسپانوی قانون کے مطابق اگر مجرم نے پہلی مرتبہ جرم کیا ہے اور اسے دو سال تک کی سزا ہوئی ہے تو پہلے جرم کے تحت ریاست اسے معاف کرنے کا اختیار بھی رکھتی ہے۔