ہنزہ: (روزنامہ دنیا) گلگت بلتستان سے ایک اہم خبر آئی ہے جس میں ہنزہ کے علاقے میں گردوغبار سے ایک سیاہ گلیشیئراوسطاً چار میٹرروزانہ کی رفتار سے آگے بڑھ رہا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق ششپر نامی یہ گلیشیئر حسن آباد گاؤں کے قریب واقع ہے اور گزشتہ جولائی سے آگے بڑھ رہا ہے۔ ایک مقامی چرواہے فہیم بیگ نے کہا کہ میں گرمیوں میں اپنے یاک چرا کر آرہا تھا تو گلیشیئر دور تھا لیکن دوبارہ اکتوبر میں دیکھا کہ گلیشیئر نے وادی کو مکمل طور پر بند کر دیا ہے۔
گلگت بلتستان ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی کے نائب سربراہ شہزاد بیگ نے ششپر گلیشیئر کے آگے بڑھنے کی وجہ یہ بھی بتائی ہے کہ وہ قراقرم فالٹ لائن پر واقع ہے جہاں زلزلہ جاتی سرگرمیاں جاری ہیں۔ ساتھ ہی گزشتہ پانچ برس میں برفباری میں اضافہ ہوا ہے جس سے گلیشیئر کی برف بڑھی ہے۔ اس کی تصدیق ہندوکش، ہمالیائی خطے پر جاری ایک رپورٹ سے بھی ہوئی ہے جسے انٹرنیشنل سنٹر فارانٹی گریٹڈ ماؤنٹین ڈویلپمنٹ نے شائع کیا ہے۔
ضلع ہنزہ کے کمشنر باب صاحب دین نے بتایا کہ ششپر گلیشیئر 15 کلومیٹر چوڑا ہے اور گزشتہ جولائی سے ڈھائی کلومیٹر آگے آچکا ہے اور اب بھی روزانہ چار میٹر کی رفتار سے آگے کی جانب سِرک رہا ہے۔ اسی رفتار سے بڑھتا رہا تو یہ دو برس میں قراقرم ہائی وے تک پہنچ جائے گا لیکن ہم پرامید ہیں کہ اس کی حرکت رک جائے گی۔