ٹوکیو: (روزنامہ دنیا) ویسے تو میونسپل حکام شہریوں کو کچرا باہر گلی یا سڑک پر نہ پھینکنے اور اس کو مخصوص کوڑا دان میں پھینکے کی ہدایت کرتے ہیں لیکن جاپان کے شہر کامی کاتسو کے رہائشیوں کیلئے کچرے کو ٹھکانے لگانا اتنا آسان نہیں جتنا دنیا کے دوسرے حصوں میں ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق کامی کاتسو میں نہ کچرا اٹھانے کیلئے کچرا دان رکھے گئے ہیں اور نہ میونسپل اتھارٹی کچرا اٹھاتی ہے۔ شہر کی میونسپل اتھارٹی نے 2020 تک کامی کاتسو کو کچرا فری بنانے کا ہدف مقرر کر رکھا ہے۔
شہر کے باسیوں کو نہ صرف کچرا خود اٹھانا پڑتا ہے بلکہ کچرے کو قابل استعمال بنانے کی فیکٹری تک لے جانے سے پہلے ہر قسم کا کوڑا کرکٹ الگ کرنا پڑتا ہے۔ میونسپل اتھارٹی نے کچرے کی 45 کیٹیگریز بنائی ہیں جس میں تکیے سے لے کر ٹوتھ برش تک شامل ہیں۔