سونے کے ذخائر رکھنے والی دنیا کی محفوظ ترین عمارت

Last Updated On 03 July,2019 11:41 am

لاہور: (روزنامہ دنیا) فورٹ ناکس میں امریکہ کے آدھے سے زیادہ سونے کے ذخائر رکھے جاتے ہیں، اپنی سکیورٹی اور انفراسٹرکچر کی بنا پر اسے کرہ ارض کی سب سے محفوظ جگہ مانا جاتا ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق عمارت کے قریب جانا تو دور کی بات ہے، اس احاطے کے قریب بھی جانے کا کوئی نہیں سوچ سکتا۔ اس عمارت کا اصل نام  یونائیٹڈ سٹیٹس بلین ڈیپوزٹری  ہے۔ عمارت کے چاروں طرف سٹیل کا احاطہ بنا ہوا ہے۔ یو ایس ٹریژری کے مطابق عمارت کنکریٹ، گرینائٹ اور سٹیل سے بنی ہوئی ہے تاکہ اس پر کسی بھی قسم کی بیرونی دراندازی نہ ہو سکے۔

فورٹ ناکس جدید ترین حفاظتی ہتھیاروں سے لیس ہے، جس علاقے میں یہ عمارت موجود ہے اس کی نگرانی سیٹلائٹ کے ذریعے 24 گھنٹے تک کی جاتی ہے۔ فورٹ ناکس کے تہہ خانے میں شوٹنگ رینج بھی موجود ہیں جہاں ماہر شوٹر ہر وقت تیار رہتے ہیں۔

کسی بھی ہنگامی صورت حال میں یہ جگہ 40000 فوجیوں اور اپنے ملازمین کیلئے آماجگاہ بن سکتی ہے۔ فورٹ ناکس کا اپنا ہنگامی بجلی پیدا کرنے والا پلانٹ اور پانی کا نظام ہے۔ والٹ کا ڈور سٹیل اور کنکریٹ کا بنا ہوا ہے اور اس کا وزن 20 ٹن سے زیادہ ہے۔