لندن: (ویب ڈیسک) عام طور پر انڈوں کو ناشتے میں کھانے اور مختلف پکوان تیار کرنے میں استعمال کیا جاتا ہے لیکن برطانیہ میں اس کا ایک منفرد استعمال بھی کیا جاتا ہے۔ برطانوی کاؤنٹی لنکن شائر میں انڈے پکڑنے، ایک دو سرے پر پھینکنے اور انڈوں کو درست نشانے پر ما رنے کے 14ویں سالانہ عالمی مقابلے کا انعقاد ہوا۔
برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق مقابلے کے شرکاء نے 120 میٹر کے فاصلے پر کھڑے رہ کر 100 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے اپنے نشانوں پر انڈے پھینکے۔ اس مقابلے میں مختلف ممالک سے درجنوں افراد نے حصہ لیا جبکہ ہزاروں افراد اسے دیکھنے کے لیے یہاں پہنچے۔ شائقین کی بڑی تعداد ان مقابلوں سے محظوظ ہوئی۔ اس سالانہ ایونٹ میں ایک ہی نشانے پر سب سے زیادہ انڈے مارنے والا نیوزی لینڈ کا نوجوان فاتح قرارپایا۔
یاد رہے کہ اس ٹورنامنٹ کا آغاز 2005ء سے ہوا تھا۔ گزشتہ سال اس مقابلے میں 1500 کے قریب لوگوں نے حصہ لیا تھا۔ اس ایونٹ کی انعامی رقم کو چیریٹی کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے۔
ایونٹ کے آرگنائزر کا کہنا ہے کہ اس ایونٹ سے تقریباً ایک لاکھ پاؤنڈز (ڈیڑھ کروڑ روپے) اکٹھے کیے جاتے ہیں جنہیں چیریٹی کے مختلف کاموں میں استعمال کیا جاتا ہے۔