لاہور: (ویب ڈیسک) ورلڈ کپ میں نیوزی لینڈ کیخلاف کامیابی کے بعد پاکستان کے سیمی فائنل میں پہنچنے کے امکانات بہتر ہوئے ہیں۔ گرین شرٹس کے 7 پوائنٹس ہو گئے ہیں۔ بنگلہ دیش کے بھی 7 پوائنٹس ہیں لیکن بہتر رن ریٹ کی وجہ سے وہ پوائنٹس ٹیبل پر پانچویں اور پاکستان چھٹے نمبر پر ہے۔
پوائنٹس ٹیبل پر نظر ڈالی جائے تو آسٹریلیا 12 پوائنٹس کے ساتھ پہلے، نیوزی لینڈ 11 کے دوسرے، بھارت 9 کے ساتھ تیسرے اور انگلینڈ 8 کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہیں۔ پاکستان کا اگلا میچ ہفتہ 29 جون کو لیڈز میں افغانستان اور آخری میچ 5 جولائی کو لارڈز میں بنگلہ دیش کیخلاف ہے۔ دونوں میچ جیت کر سرفراز الیون کے 11 پوائنٹس ہو سکتے ہیں۔
آسٹریلیا کے اگلے دو میچ پروٹیز اور کیویز کیساتھ ہیں۔ دونوں میچ ہار کے بھی سیمی فائنل کھیل سکتا ہے لیکن پوائنٹس ٹیبل پر ٹاپ ٹیم بننے کے لیے کوئی میچ ہارنا پسند نہیں کرے گا۔ نیوزی لینڈ کے 11 پوائنٹس ہیں اور اگلے راؤنڈ کیلئے پوزیشن بھی محفوظ ہے۔ اس کے آخری دو میچ انگلینڈ اور آسٹریلیا سے ہیں۔
بھارت کے 9 پوائنٹس ہیں لیکن اس نے ابھی صرف 5 میچ کھیلے ہیں۔ آج ویسٹ انڈیز کیساتھ مقابلہ ہے، باقی میچوں میں انگلینڈ، بنگلادیش اور سری لنکا کے خلاف مد مقابل ہونا ہے۔ وہ بھی سیمی فائنل میں جگہ بنانے میں کامیاب ہو جائے گا۔ سیمی فائنل کی چوتھی ٹیم کون سی ہو گی؟ اس کے لیے پاکستان کا مقابلہ افغانستان اور سری لنکا سے ہے۔ بنگال ٹائیگر بھی دوڑ میں شامل ہے لیکن اگر پاکستان اگلے دونوں میچ جیت گیا جن میں سے ایک بنگلادیش کے خلاف ہے تو ٹائیگر کا آگے جانے کے امکانات ختم ہو جائیں گے۔
انگلینڈ کا اگلا میچ اتوار کو بھارت اور 3 جولائی کو نیوزی لینڈ کے خلاف ہے اگر وہ دونوں میچ جیتا تو اسکے 12 پوائنٹس ہو جائیں گے اور پاکستان کا چانس ختم ہو جائے گا۔ اگر وہ ایک میچ ہارا تو پاکستان کے ممکنہ 11 پوائنٹس کی وجہ سے سیمی فائنل نہیں کھیل سکے گا۔
سری لنکا کے 6 میچوں میں 6 پوائنٹس ہیں۔ اس کے باقی تین میچ جنوبی افریقا، ویسٹ انڈیز اور بھارت کے خلاف ہیں۔ اگر وہ تینوں میچ جیت جائے تو اس کے بھی 12 پوائنٹس ہو سکتے ہیں۔ اس صورت میں بھی پاکستان ٹورنامنٹ سے باہر ہو جائے گا۔ گرین شرٹس کے سیمی فائنل کھیلنے کیلئے ضروری ہے کہ نہ صرف ٹیم اگلے دونوں میچ جیتے بلکہ انگلینڈ، سری لنکا کم از کم ایک ایک میچ ہاریں۔ ممکن ہے بھارت ہی پاکستان کی مدد کو آئے۔ انگلینڈ اور سری لنکا کو شکست دیکر ہمسایوں کو سیمی فائنل کھیلنے کا موقع فراہم کرے۔