لندن : (دنیا نیوز) قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ بنگلا دیش کیخلاف 500 رنز بنانا اتنا آسان نہیں لیکن کوشش کر سکتے ہیں.
لندن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہم بھی معجزہ کے منتظر ہیں، جانتے ہیں مشکل ہے مگر کوشش کرینگے، اتنے بڑے مارجن کی توقع نہیں تھی، فارمیٹ کے بارے کچھ نہیں کہہ سکتے پانچ سو رنز کرنا آسان نہیں، مگر کوشش کرسکتے ہیں۔
کپتان کا مزید کہنا تھا کہ میری کپتانی کا فیصلہ ورلڈ کپ کے بعد پی سی بی فیصلہ کریگا، ٹورنامنٹ کے فارمیٹ میں بہتری گنجائش موجود ہے، فارمیٹ بنانے والے ہی بہتر بتا سکتے ہیں کیا فارمیٹ بنائے۔ پاکستان ٹیم کے ڈاؤن فال پر سوال پر انہوں نے نے جواب ٹال دیا۔
سرفراز احمد کا مزید کہنا تھا کہ میگا ایونٹ کے دوران آسٹریلیا کیخلاف جیت سکتے تھے مگر موقع ضائع ہو گیا، شروع کے میچز میں اچھا نہیں کھیلے، ورلڈ کپ کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ بہتری کیلئے اقدامات اٹھائے گا، میری کارکردگی ملی جلی پرفارمنس رہی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ بنگلا دیش کیخلاف حتمی الیون بنا لی ہے، پچ تیز ہوئی تو فاسٹ باؤلر محمد حسنین کو کھلایا جا سکتا ہے۔ میگا ایونٹ میں کم بیک کیا لیکن اب کچھ ہاتھ میں نہیں، ویسٹ انڈیز کے خلاف کم سکور پر آؤٹ ہونا مہنگا پڑا، ورلڈ کپ کے بعد کپتان رہوں گا یا نہیں اس کا فیصلہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے کرنا ہے۔