چیسٹرلی سٹریٹ: (ویب ڈیسک) آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ کے 41 ویں میچ میں انگلینڈ کے 306 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم 186 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ انگلینڈ نے 119 رنز سے میچ جیت کر سیمی فائنل کا ٹکٹ کٹوا لیا۔ جونی بیرسٹو مین آف دی میچ قرار پائے۔
نیوزی لینڈ کی اننگز۔۔۔۔
نیوزی لینڈ کی طرف سے اننگز کا آغاز مارٹن گپٹل اور ہینری نکولس نے کیا تاہم پہلے ہی اوور میں ہینری نکولس بغیر کوئی رنز بنائے فاسٹ باؤلر کرس ووکس کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔ میگا ایونٹ میں مسلسل ناکام رہنے والے مارٹن گپٹل اس بار بھی بڑی اننگز نہ کھیل پائے اور 16 گیندوں پر 8 سکور بنا کر جوفرا آرچر کی گیند پر جوز بٹلر کو کیچ دے بیٹھے۔ وکٹ کیپر نے وکٹوں کے عقب میں بائیں ہاتھ سے شاندار کیچ تھاما۔
نیوزی لینڈ ٹیم کے کپتان کین ولیمسن 27 سکور بنا کر رن آؤٹ ہو گئے۔ 69 کے مجموعی رنز پر روز ٹیلر 28 سکور پر رن آؤٹ ہو گئے۔ جیمی نیشام 19 رنز پر مارک ووڈ کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔ گرینڈ ہوم 13 گیندوں پر 3 رنز بنا کر سٹوکس کا نشانہ بن گئے۔ ٹام لیتھم نے 57 سکور کی مزاحمتی اننگز کھیلی تاہم انہوں نے لیام پلنکٹ کی گیند پر بٹلر کو کیچ دیدیا۔ سینٹر ووڈ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔ انہوں نے 12 سکور کی باری کھیلی۔ ہینری 7 رنز پر ووڈ کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔ بولٹ 4 سکور بنا کر عادل رشید کی گیند پر سٹیمپ آؤٹ ہوئے۔
نیوزی لینڈ کی ٹیم 186 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ مارک ووڈ نے 3 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا جبکہ عادل رشید، ووکس، آرچر، پلنکٹ اور بین سٹوکس کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔
انگلینڈ کی اننگز۔۔۔۔۔
انگلینڈ کی طرف سے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا گیا، اننگز کا آغاز جیسن روئے اور جونی بیرسٹو نے کیا، دونوں نے شروع سے ہی جارحانہ انداز اپنایا اور حریف باؤلرز کی ایک بھی نہ چلنے دی اور وکٹ کے چاروں اطراف خوبصورت شارٹس کھیلے۔
جیسن روئے 61 گیندوں پر 60 رنز بنا کر جیمی نیشام کا نشانہ بن گئے، دونوں اوپنرز نے 123 رنز کی پارٹنر شپ بنائی، اس دوران جونی بیرسٹو نے میگا ایونٹ کے دوران اپنی دوسری سنچری مکمل کی، اس سے قبل وہ بھارت کیخلاف بھی 111 رنز کی باری کھیل چکے تھے۔ انہوں نے تھری فیگر اننگز 95 گیندوں پر کھیلی۔
انگلینڈ کو دوسرا نقصان 31 اورز کی پہلی ہی گیند پر اٹھانا پڑا جب جوئے روٹ 24 سکور بنا کر بولٹ کی گیند پر وکٹ کیپر لیتھم کو کیچ دے بیٹھے۔ ون ڈاؤن بیٹسمین اور اوپنر بیرسٹو کے درمیان 71 رنز کی شراکت داری بنی۔ میٹ ہینری نے جونی بیرسٹو کی اننگز کا خاتمہ کیا۔ اوپنر نے شاندار 99 گیندوں پر 106 رنز بنائے، ان کی اس اننگز میں 15 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔ اس کے بعد دیگر بیٹسمین قابل ذکر کارکردگی نہ دکھا سکے۔
وکٹ کیپر بیٹسمین جوز بٹلر کی اننگز 11 رنز تک محدود رہی اور بولٹ کا نشانہ بن گئے، 42 اوورز کی آخری گیند پر بین سٹوکس 11 سکور بنا کر ہینری کو کیچ دے بیٹھے، سپنر سینٹر نے ان کی وکٹ حاصل کی۔ کرس ووکس 4 رنز بنا سکے۔ بیٹسمین کا جیمی نیشام کی گیند پر ولیمسن کیچ تھاما۔ انگلش کپتان مورگن 40 گیندوں پر 42 رنز بنا کر پویلین لوٹے، فاسٹ باؤلر ہینری کی گیند پر سینٹر نے شاندار کیچ پکڑا۔ عادل رشید ٹم ساؤتھی کا شاندار یارکر نہ روک پائے اور 16 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔
انگلش کی پوری ٹیم مقررہ اوورز میں 305 رنز بنا سکی۔ بولٹ، ہینری اور نیشام نے دو دو شکار کیے، سینٹر اور ساؤتھی کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔