ورلڈ کپ، پوائنٹس ٹیبل پر آسٹریلیا سرفہرست، بھارت دوسرے، پاکستان کی 5ویں پوزیشن

Last Updated On 03 July,2019 11:45 am

لاہور: (دنیا نیوز) ورلڈ کپ کرکٹ کے سنسنی خیز مقابلے جاری، پوائنٹس ٹیبل پر آسٹریلیا تاحال سرفہرست ہے، بھارت دوسرے، نیوزی لینڈ تیسرے اور انگلینڈ چوتھے نمبر پر ہے۔ پاکستان پانچویں پوزیشن پر ہے۔ بنگلہ دیش کو ہرانا ضروری ہو گیا۔

ورلڈ کپ کرکٹ کے 39 میچ مکمل، میگا ایونٹ میں چوکے، چھکوں کی بھرمار، دلچسپ مرحلے میں داخل ہو گیا۔ کرکٹ کے عالمی میلے میں آسٹریلیا کے علاوہ باقی ٹیمیں سیمی فائنل میں پہنچنے کیلئے جنگ لڑ رہی ہیں۔ پوائنٹس ٹیبل پر کینگروز 13 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر ہے۔

بھارت انگلینڈ سے ہارنے کے بعد دوسرے نمبر پر ہی ہے۔ اس کیلئے بنگلہ دیش اور سری لنکا سے میچ میں کامیابی ضروری ہے، اگر ٹیم انڈیا کو دونوں میچز میں شکست ہوئی تو اگر مگر کی کہانی شروع ہو جائے گی۔

پوائنٹس ٹیبل پر نیوزی لینڈ کی تیسری اور انگلینڈ کی چوتھی پوزیشن ہے۔دونوں ٹیموں کے درمیان کل ٹاکرا ہے، جو ٹیم کامیاب ہوئی وہ سیمی فائنل میں چلی جائے گی۔ پاکستان پوائنٹس ٹیبل پر پانچویں نمبر پر ہے اور اس کا جمعے کو بنگلہ دیش سے مقابلہ ہے۔ گرین شرٹس کو سیمی فائنل میں جانے کیلئے بنگال ٹائیگرز کو شکست دینی ہو گی۔ میگاایونٹ میں سری لنکا چھٹے، بنگلہ دیش ساتویں، جنوبی افریقہ آٹھویں، ویسٹ انڈیز نویں اور افغانستان دسویں نمبر پر ہے۔