لندن: (ویب ڈیسک) کرکٹ ورلڈ کپ کے ایجبسٹن کرکٹ گراؤنڈ میں ہونے والے بنگلہ دیش اور بھارت کے درمیان میچ میں متعدد ریکارڈ بن گئے۔
بنگلہ دیش کے شکیب الحسن دنیا کے پہلے بیٹسمین بن گئے ہیں جنھوں نے عالمی کپ کے دوران 500 سے زائد رنز بنائے اور میگا ایونٹ میں 10 سے زیادہ وکٹیں لی ہیں۔ یہ اعزاز ان کو بھارت کے خلاف میچ کے دوران حاصل ہوا جب انہوں نے میچ میں نصف سنچری بنائی۔
دوسری طرف بھارت کے بلے باز روہت شرما نے ورلڈ کپ 2019 میں زبردست کارکردگی کو جاری رکھے ہوئے ہیں، بنگلہ دیش کے خلاف 102 کی اننگز کھیل کر رواں ورلڈ کپ میں اپنی چوتھی سنچری مکمل کی۔ انہوں نے اب تک ایونٹ میں 7 میچ کھیلے اور 4 سنچریاں بنائی ہیں۔ بنگلہ دیش کیخلاف میچ میں یہ ان کی چوتھی سنچری تھی اس سے قبل وہ ایونٹ کے دوران جنوبی افریقہ، پاکستان، انگلینڈ کیخلاف سنچری بنا چکے ہیں۔
یاد رہے کہ سری لنکا کے عظیم بلے باز کمار سنگاکارا نے ورلڈ کپ 2015 میں انفرادی طور پر 4 سنچریاں بناکر یہ اعزاز حاصل کرنے والے پہلے بلے باز بن گئے تھے۔ مارک وا نے 1996، سارو گنگولی نے 2003 اور میتھیو ہیڈن نے 2007ء کے میگا ایونٹ کے دوران 3.3 سنچریاں بنائی تھیں۔
یاد رہے کہ ورلڈ کپ میں مجموعی طور پر سب سے زیادہ سنچریاں بنانے کا اعزاز بھارت کے سچن ٹنڈولکر کے پاس ہے جنہوں نے 6 سنچریاں بنائی ہیں۔