لندن: (ویب ڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ ورلڈکپ کے آئندہ میچ میں صرف بنگلہ دیش کے خلاف میچ پر فوکس اور کامیابی حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ 5 جولائی کو ہم نے اچھا کھیلنا ہے اور ہر حال میں کامیابی حاصل کرنی ہے۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان میچ میں کیا ہو گا اس کی پرواہ نہیں، کیونکہ میرے نزدیک جو ٹیم اچھے کھیلے گی وہ کامیابی اس کے حصے میں آئے گی۔
کپتان نے اعتراف کیا کہ افغانستان کیخلاف میرے رن آؤٹ پر تنقید درست تھی، مجھے ایسا نہیں کرنا چاہیے تھا کیونکہ دوسرا رن نہیں بنتا تھا لہٰذا یہ میری غلطی تھی اور میں اس کا اعتراف کر چکا ہوں اس معاملے پر تنقید بند ہونی چاہیے۔
سرفراز احمد کا مزید کہنا تھا کہ کوشش ہے کہ میں بیٹنگ اور وکٹ کیپنگ میں اچھا کروں، بیٹنگ میں رنز بناؤں اور وکٹ کیپر کے طور پر اچھے کیچز پکڑوں جس سے ٹیم کو فائدہ ہو۔
وہاب ریاض کی تعریف کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وہاب ٹوٹی انگلی کیساتھ کھیلا میں نے وہاب ریاض سے بات کی تھی کہ کیا میچ کھیل سکو گے کیونکہ مجھے علم تھا کہ اگر وہاب کھیلے گا تو وہ 100 فیصد دیگا اور ایسا ہی ہوا وہاب کھیلا اور اچھا کھیلا اور ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرایا۔
کپتان کا کہنا تھا کہ کھلاڑیوں نے بھارت کے خلاف میچ کے بعد بہت اچھا رسپانس دیا، میں نے کھلاڑیوں سے بات کی اور انہیں کہا ہم کہیں نہ کہیں غلطیاں کررہے ہیں ہم اس سے اچھا کر سکتے ہیں کھلاڑیوں نے بات سنی اور متحرک ہوئے اور پھر تینوں میچز میں کامیابی حاصل کی، سینئر کھلاڑیوں نے بھی ٹیم کو متحرک کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔