ورلڈ کپ: افغانستان فتح کو ترستا رہ گیا، ویسٹ انڈیز نے 23 رنز سے ہرا دیا

Last Updated On 05 July,2019 02:15 pm

لیڈز: (دنیا نیوز) آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ کے 42 ویں میچ میں ویسٹ انڈیز نے افغانستان کو 23 رنز سے شکست دیدی۔ اس طرح افغان ٹیم پورے ایونٹ میں ایک بھی فتح حاصل نہ کر سکی۔ شاندار بیٹنگ کرنے پر شائی ہوپ مرد میدان قرار پائے۔

میچ کی براہ راست اپ ڈیٹس کے لئے لنک کو کلک کریں

 

افغانستان کی اننگز۔۔۔۔۔

ہدف کے تعاقب میں افغانستان کی طرف سے اننگز کا آغاز کپتان گلبدین نائب اور رحمت شاہ نے کیا، تاہم اس بار بھی پورے ٹورنامنٹ کی طرح گلبدین نائب ناکام رہے اور دوسرے اوورز میں 5 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، کیماروچ نے وکٹ حاصل کی۔

تیسرے کھلاڑی اکرم علی خیل 93 گیندوں پر 86 کی باری کھیل کر گیل کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔ نجیب اللہ زدران 38 گیندوں پر 31 سکور بنا کر رن آؤٹ ہو گئے۔ آل راؤنڈر محمد نبی صرف دو رنز بنا سکے اور کیماروچ کا شکار بن گئے۔ سمیع اللہ شنواری نے 6 رنز بنائے۔ اصغر افغان نے 40 رنز کی جارحانہ باری کھیلی۔ دولت زدران 1 اور راشد خان 9 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ شیرزاد نے 25 سکور کی باری کھیلی۔

 

افغانستان کی ٹیم 288 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ بریتھویٹ نے چار جبکہ کیماروچ نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ اس طرح پورے ایونٹ میں افغان ٹیم ایک بھی فتح کو گلے نہ لگا سکی اور نو کے نو میچ ہار گئی دوسری طرف ویسٹ انڈیز نے ایونٹ میں دوسری فتح کو گلے لگایا، اس سے قبل وہ پاکستان کو ہرا چکی تھی۔ شاندار بیٹنگ کرنے پر شائی ہوپ مرد میدان قرار پائے۔

ویسٹ انڈیز کی اننگز۔۔۔۔۔
اس سے قبل ویسٹ انڈیز کی طرف سے اننگز کا آغاز کرس گیل اور ایون لوئس نے کیا، پورے ایونٹ میں ناکام رہنے والے کرس گیل اس بار بھی قابل ذکر کارکردگی نہ دکھا سکے اور 21 کے مجموعی سکور پر 7 رنز بنا کر دوالت زدران کو وکٹ دے بیٹھے۔ اس دوران دوسرے اینڈ پر موجود ایون لوئس اور شائی ہوپ نے شاندار شارٹس کھیلے اور ٹیم کا سکور آگے بڑھایا۔

25 اوورز کی پانچویں گیند پر ایون لوئس بھی چلتے بنے انہوں نے 78 گیندوں پر 58 سکور کی باری کھیلی۔ ان کی اس اننگز میں سات چوکے اور دو چھکے شامل تھے۔ شیمرون ہیٹمائر 31 گیندوں پر 39 رنز کی باری کھیل کر دولت زدران کا شکار بن گئے۔ شائی ہوپ نے وکٹ چھوڑنے سے قبل 77 رنز بنائے اور محمد نبی کو وکٹ دے بیٹھے۔

نکولس پوران نے مسلسل دوسرے میچ میں شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے جارحانہ باری کھیلی انہوں نے 43 گیندوں پر 58 رنز بنائے اور رن آؤٹ ہو گئے۔ کپتان ہولڈر نے 45 رنز بنا سکے، بریتھویٹ14 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ مقررہ اوورز میں 311 رنز بنائے۔ افغانستان کی طرف سے دوالت زدران نے دو جبکہ راشد خان، محمد نبی، سیّد شیرزاد نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔