لندن: (ویب ڈیسک) پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے باکسنگ رنگ سے ریٹائر ہونے کا عندیہ دیدیا۔
32 سالہ باکسر کا برطانوی خبر رساں ادارے کو انٹرویو کے دوران کہنا تھا کہ میرے لیے اگلی فائٹ بہت اہم ہے، اس میں میرے مستقبل کا فیصلہ ہو گا کہ میں باکسنگ کھیلتا رہوں گا یا جلد کھیل سے ریٹائر ہو جائوں گا۔ میرے لیے میرا کھیل جنون ہے، میں اپنے آپ کو ریٹائرمنٹ پر مجبور بھی نہیں کرنا چاہتا۔
Nations Connect on the 12th of July 2019 as Amir King Khan takes on National hero Neeraj Goyat for the WBC Pearl title at the KASC Stadium, Jeddah, Saudi Arabia!!#SuperBoxingLeague #HitHarder #NationsConnect #KhanGoyat @amirkingkhan @GoyatNeeraj pic.twitter.com/mpNQDGI7Se
— Super Boxing League (@SBLHitHarder) June 19, 2019
ان کا کہنا تھا کہ 12 جولائی کو بھارتی حریف نیرج گویاٹ کا سامنا کرنے کے لیے بیتاب ہوں جیتنے کی پوری کوشش کروں گا مگر توقعات پر پورا نہ اترا تو مستقبل کے حوالے سے فیصلہ کرنے میں دیر نہیں کروں گا۔ میں نے کھیل میں جو حاصل کرنا تھا کر لیا، اسی لیے میں اپنے کھیل سے محظوظ ہو رہا ہوں۔
عامر خان نے بھارتی کھلاڑی نیرج گویاٹ کا سامنا کرنے کا انتخاب کیا ہے۔ جولائی میں ہونے والی فائٹ کی انعامی رقم 70 لاکھ برطانوی پاؤنڈز (تقریباً ایک ارب روپے) رکھی گئی ہے۔
اگلے ماہ جدہ میں ہونے والی فائٹ کے دوران پاکستانی نژاد برطانوی باکسر نے خواہش کا اظہار کرتے ہوئے ایک خط وزیراعظم عمران خان کے نام لکھا جس میں کہا گیا کہ سعودی عرب میں ہونے والی فائٹ دیکھنے کے لیے خصوصی طور پر آئیں۔ انہوں نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو بھی خط کے ذریعے میچ دیکھنے کی دعوت دی تھی۔
عامر خان کا کہنا تھا کہ میں اس فائٹ کے ذریعے پاکستان اور بھارت کی عوام کو قریب لانا چاہتا ہوں، دونوں روایتی حریف ممالک میں بہت ساری ٹینشن موجود ہیں جسے کھیل کے ذریعے دور کیا جا سکتا ہے۔
یاد رہے کہ 27 سالہ بھارتی نیرج گویاٹ سابق ایم ایم اے فائٹر ہیں جو 11 فائٹ جیت چکے ہیں، تین میں انہیں شکست کا سامنا بھی کرنا پڑا۔ دو مقابلے ڈرا کرنے میں کامیاب رہے۔