مسقط: (ویب ڈیسک) امریکہ نے خلیج عمان میں ہونے والے حملوں کے بعد ایک ویڈیو جاری کی ہے جس میں ایرانی پاسداران انقلاب کی ایک کشتی کو جاپانی تیل برداز جہاز کے قریب دیکھا جا سکتا ہے۔
خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی فوج کی جانب سے تصویری ویڈیو جاری کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ایرانی پاسداران انقلاب کی کشتی خلجی عمان میں جاپانی تیل بردار جہاز کے قریب ایک بارودی سرنگ بچھا رہی ہے۔ یہ بارودی سرنگ اس جہاز کو تباہ کرنے کیلئے نصب کی گئی تھی مگر وہ پھٹ نہیں سکی اور اسے کشتی کے ذریعے ہٹانے کی کوشش کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: خلیج عمان میں تیل بردار جہازوں پر حملے، عملہ محفوظ
ترجمان امریکی سینٹرل کمان بیل اوربان کے مطابق شام 4 بج کر 10 منٹ پر پاسداران انقلاب کی پٹرولنگ کشتی کوکوکا بحری جہاز کے قریب گئی۔ کشتی پر سوار افراد نے جہاز کے قریب نصب بارودی سرنگ کا معائنہ کیا اور اسے اتار دیا گیا۔
دوسری طرف سعودی عرب کے وزیر توانائی انجینئرخالد الفالح نے آئل ٹینکروں پر حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریاض اپنی بندرگاہوں اور سمندری حدود کی حفاظت کیلئے تمام اہم قدامات کرے گا۔
سعودی عرب کی خبر رساں ادارے کے مطابق انجینئرالفالح نے اپنے بیان میں دنیا سے بین الاقوامی شیپنگ لائنز کی حفاظت کے لیے اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے کی درخواست کی اس دوران ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب اور آرامکو تیل بردار جہازوں پر حملوں کے بعد بین الاقوامی منڈیوں میں تیل کی قابل اعتماد فراہمی کے لیے پرعزم ہیں۔ وزیر توانائی اور آرامکو حملوں سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔
اُدھر امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ خلیج عمان میں آئل ٹینکر پر ہونے والے حملے میں ایران ملوث ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ اندازہ انٹیلی جنس، مہارت اور استعمال شدہ ہتھیاروں کی بنا پر لگایا گیا ہے، اس سے قبل خطے میں بحری جہازوں پر کیے گئے ایرانی حملوں میں بھی عین ایسے ہی شواہد ملے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ خطے میں کوئی پراکسی گروہ سرگرم نہیں جو اتنی مہارت سے ایسا حملہ کرسکے۔ اقوام متحدہ میں ایرانی نمائندے نے امریکا کے دعوے کو مکمل طور پر مسترد کرتے ہوئے اس کی سخت مذمت کی ہے۔
قبل ازیں بین الاقوامی آئل ٹینکر ایسوسی ایشن (انٹرٹینکو) کا کہنا تھا کہ خلیجِ عمان میں کیے جانے والے حملے منظم منصوبہ بندی اور باقاعدہ انداز میں کیے گئے ہیں جس میں پانی سے اوپر اور نیچے اور انجن کے انتہائی قریب تاک کے نشانے لگائے گئے ہیں۔