جدہ: (ویب ڈیسک) سعودی حکومت نے ملک میں سیاحت کے فروغ کیلئے آن لائن ویزہ صرف تین منٹ میں جاری کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اتنے محدود وقت میں ویزے کے حصول کا مقصد سعودی عرب میں ترقیاتی مواقع کا کو نمایاں کرنے کے ساتھ عالمی سطح پر سعودی عرب کی سیاحتی صنعت کو ترقی دینا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق "جدہ سیزن" پروگرام کے تحت آن لائن سیاحتی ویزہ کے ذریعے بیرون ممالک سے سیاحوں کو زیادہ سے زیادہ تعداد میں ساحلی شہر کی جانب متوجہ کرنا ہے، واضح رہے کہ سعودی حکومت نے خام تیل پر انحصار کی بجائے ملکی معیشیت کا بار دوسری صنعتوں پر منتقل کرنے کے اقدامات شروع کئے ہیں۔
اس حوالے سے موسم جدہ پروگرام کے جنرل سپروائزر انجینیر رائد ابو زنادہ کا کہنا تھا کہ اس سیاحتی پروگرام سے پورے سعودی عرب اور خصوصا جدہ میں سیاحت کے پھلنے پھولنے میں مدد ملے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ آن لائن ویزہ حاصل کرنے کے علاوہ سیاح جدہ میں ہونے والی موسمی سرگرمیوں میں شرکت کی ٹکٹ بھی حاصل کرسکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی غیرملکی سیاح کوجدہ کا سیاحتی ویزہ صرف تین منٹ میں فراہم کیا جائے گا۔ سیاحوں کے لیے sharek.sa پر خود کو رجسٹرڈ کرانا ہوگا اور رجسٹریشن کےدوران دی گئی معلومات فراہم کرنا ہوں گی۔
واضح رہے کہ جدہ سیزن 8 جون سے 18 جولائی 2019ء تک جاری رہے گا۔