بچہ گھونسلے سے گھر میں گرا، بگلوں نے بزرگ جوڑے کا جینا حرام کر دیا

Last Updated On 28 June,2019 11:35 am

لنکا شائر: (ویب ڈیسک) برطانیہ میں بگلوں کا بچہ ایک گھر پر بنے گھونسلے سے نیچے گرا جس کے بعد بگلوں نے گھر میں موجود بزرگ جوڑے کا جینا حرام کر دیا اور 6 روز تک گھر میں محدود رہا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق لنکا شائر میں سمندر کنارے رہنے والے دو میاں بیوی کے گھر کی چھت پر بگلوں کا گھونسلہ تھا اور جب گھر سے باہر نکلنے کے کوشش کی تو بپھرے ہوئے بگلے جھپٹ پڑتے تھے۔

روئے اور برینڈا پیکارڈ کا کہنا تھا کہ اس کے بعد ہم ہر روز ایک دوسرے کو بے بسی کی تصویر بنے دیکھتے تھے، یہ بات بہت عجیب ہے تاہم برطانیہ میں سمندری بگلے بے حد انسان بیزار واقع ہوئے ہیں۔ واقعے میں لمبی چونچ والے بگلے یا ہیرنگ گلز کے چھت پر بنائے ہوئے گھونسلے سے بچہ پھسل کر مرکزی دروازے کے چھجے پر جاگرا تھا۔ اس پر دونوں بگلے گھروالوں سے نالاں تھے۔

جب جب روئے نے مرکزی دروازہ کھولنے کی کوشش کی دونوں بگلے ان کی طرف لپکتے اور انہیں دوبارہ گھر میں گھسنے پر مجبور کردیتے۔ یہ سلسلہ چھ روز تک جاری رہا۔ 71 سالہ روئے نے زبردستی باہر جانے کی کوشش کی تو بگلوں نے ان پر حملہ کر دیا اور پیچھے ہٹتے ہوئے دیوار پر سر لگا جس سے زخمی ہوگئے اور پڑوسی مشکل سے ہسپتال لے جاسکے۔

متعلقہ اداروں نے جوڑے کے لیے گھر کے باہر ایک چھتری نما بیٹھک بھی بنائی ہے لیکن اس سے کوئی خاص فرق نہیں پڑا۔ اس موقع پر روئے نے بتایا کہ یہ بہت خوفناک عمل تھا۔ میری بیوی بیمار تھی اور جب بھی میں باہر جاتا سامنے دو پرندے موجود ہوتے تھے اور بیوی کے لیے مجھے ہی باہر جانا پڑتا تھا لیکن میں باہر جانے سے قاصر تھا۔ خوش قسمتی سے گیراج گھر سے متصل تھا اور میں خریداری کے لیے تیزی سے کار میں بیٹھتا اور اسے گیراج کے دروازے کے پاس ہی پارک کرتا جبکہ گاڑی کا دروازہ بھی کھلا رکھتا تھا۔

ماہرین کا خیال ہے کہ جیسے ہی بگلے کے بچے بڑے ہوکر یہاں سے پرواز کریں گے ان کی مصیبت بھی ختم ہو جائے گی۔ واضح رہے کہ بگلے کی یہ قسم نایاب ہے اور برطانوی قوانین کے تحت انہیں نقصان پہنچانا سختی سے ممنوع ہے۔