سوا کلو وزنی برفانی نر کیکڑا 70 لاکھ روپے میں فروخت

Last Updated On 13 November,2019 10:32 am

ٹوکیو: (روزنامہ دنیا) جاپان کے شہر ٹوٹوری میں ایک برفانی کیکڑا 50 لاکھ ین یعنی 46 ہزار ڈالر (70 لاکھ پاکستانی روپے) میں فروخت ہوا ہے، اس نر کیکڑے کا وزن سوا کلو ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق ریکارڈ قیمت پر فروخت ہونیوالے اس کیکڑے کو ملک کے انتہائی مہنگے ریسٹورنٹ میں پکا کر فروخت کیلئے پیش کیا جائے گا۔ اس کیکڑے کی لمبائی 14.6 سینٹی میٹر ہے جس نے اسی علاقے سے ملنے والے ایک اور برفانی کیکڑے کا ریکارڈ توڑ دیا ہے جو گزشتہ برس 18 ہزار ڈالر میں نیلام ہوا تھا لیکن اس نئے کیکڑے کی آخری بولی ٹیٹسوجی ہاماشیٹا نے لگائی ہے۔

ٹیٹسوجی نے کہا کہ میں جانتا ہوں کہ اتنامہنگا کیکڑا خریدنا شاید بیوقوفانہ فیصلہ لگے لیکن مجھے یقین ہے کہ کیکڑے کا ذائقہ اس کی قیمت کا نعم البدل ثابت ہو گا۔ ہرسال کی طرح جاپان میں اس سال برفانی کیکڑوں کی تلاش کا موسم اس ہفتے شروع ہوا اور پہلی نیلامی ہوئی۔

جاپان میں برفانی کیکڑے ٹوٹوری میں پائے جائے ہیں جو اوساکا اور ہیروشیما کے درمیان موجود ہونشو کے علاقے کے قریب واقع ہے۔ اس مہنگے ترین کیکڑے کو خاص شکل، بلند معیار، لمبے پاؤں اور گوشت کی وجہ سے پانچ روشن ستاروں کا اعزاز حاصل ہے۔