طالبہ بیگ میں سانپ لیکر کلاس روم پہنچ گئی

Last Updated On 12 November,2019 06:00 pm

ریاض: (ویب ڈیسک) یوں تو دنیا بھر میں دلچسپ خبریں پڑھنے کو ملتی رہتی ہیں، کچھ ایسی ہوتی ہیں جنہیں پڑھ کر ہر شخص حیران رہ جاتا ہے، اب ایک اور خبر مدینۃ المنورہ سے آئی ہے جہاں ایک طالبہ سانپ کو اپنے بیگ میں ڈال کر کلاس روم پہنچ گئی۔

عرب خبر رساں ادارے کے مطابق مدینہ منورہ کی طیبہ یونیورسٹی کے گلرز سیکشن میں سانپ کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد انتظامیہ نے اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ویڈیو میں نظر آنے والا سانپ طالبہ بیگ میں ساتھیوں کو ڈرانے کیلئے لائی تھی جس پر قابو پالیا گیا ہے۔

یونیورسٹی انتظامیہ کا کہنا تھا کہ واقعہ دو روز قبل اتوار کو پیش آیا جب طالبہ محض تفریح کیلئے ایک بے ضرر قسم کا سانپ بیگ میں لے آئی تھی مگر وہ کسی طرح بیگ سے نکل کر لیبارٹری میں پہنچ گیا۔

 

انتظامیہ کا مزید کہنا تھا کہ سانپ کی وجہ سے کسی کو کوئی نقصان نہیں ہوا البتہ طالبات ہراساں ہوئیں۔ سانپ کا انکشاف ہوتے ہی اساتذہ نے سکیورٹی اہلکاروں کو اطلاع کر دی جنہوں نے فوری طور پر اس پر قابو پالیا۔

یونیورسٹی انتظامیہ کا کہنا تھا کہ پکڑا جانے والا سانپ ابو سیور نامی قسم کا ہے جس میں زہر نہیں ہوتا یہ سانپ پالنے والوں کے لیے خصوصی طور پر بیرون ملک سےلایا جاتا ہے۔ سانپ لانے والی طالبہ کے خلاف یونیورسٹی کے ضوابط کے مطابق تادیبی کارروائی ہوگی۔