اسلام آباد: (دنیا نیوز) ترجمان دفتر خارجہ نے اپنے بیان میں افسوسناک خبر دی ہے کہ مدینہ میں بس حادثہ کی ابتدائی رپورٹ میں کئی پاکستانیوں کے جان بحق ہونے کی اطلاعات ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل کے مطابق ریاض سے مکہ جانے والی بس میں 39 مسافر سوار تھے جن میں سے 35 جان بحق ہوگئے۔ بچ جانے والے زخمیوں میں اکبر نامی ایک پاکستانی بھی شامل ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ جدہ میں قونصلیٹ جنرل کا عملہ سعودی حکام اور شاہ فہد ہسپتال حکام سے رابطے میں ہیں۔ قونصلیٹ کے تین افسران کو رابطوں کے لیے مقرر کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ غیر ملکی میڈیا کے مطابق مدینہ کے قریب ہونے والے ٹریفک حادثے میں 35 غیر ملکی عمرہ زائرین ہلاک ہو گئے ہیں۔ یہ حادثہ بدھ کی شام مقامی وقت کے مطابق سات بجے کے قریب پیش آیا۔
حادثے کا شکار ہونے والی بس میں عرب اور ایشیائی ممالک کے عمرہ زائرین سوار تھے اور وہ مدینہ سے مکہ جا رہے تھے۔ زخمی ہونے والے عمرہ زائرین کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا تھا۔
مکہ کے گورنر پرنس فیصل بن سلمان نے ہلاک ہونے والے افراد کے اہل خانہ کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا ہے۔