لندن: (ویب ڈیسک) شمالی آئر لینڈ سے ایک حیران کن خبر آئی ہے جہاں ایک انگوٹھی ڈھونڈتے ڈھونڈتے ایک شخص کو 500 سال قدیم سونے کے سکے مل گئے۔
برطانوی خبر رساں ادارے ’’ڈیلی میل‘‘ کے مطابق شمالی آئرلینڈ میں ایک شخص کو دوست کی کھو جانے والی منگنی کی انگوٹھی ڈھونڈنے کے دوران 500 سال قدیم سونے کے تاریخی سکے مل گئے جنکی مالیت ایک لاکھ پاؤنڈ (تقریباً دو کروڑ پاکستانی روپے) بنتی ہے۔
خبر رساں ادارے کے مطابق 42 سالہ رینارڈ کے دوست کی منگنی کی انگوٹھی کھو گئی تھی، تلاش کے دوران دوست کی انگوٹھی تو نہیں ملی البتہ رینارڈ کو 500 سال پرانے سونے کے 84 سکے ملے۔ سکوں پر بادشاہ ہینری ہشتم کے دور کے 1500 صدی کے اوائل کی تاریخ درج تھی۔
ماہرین کا کہنا تھا کہ سونے کے سکے ایک لاکھ پاؤنڈ (تقریباً دو کروڑ روپے) کی مالیت کے ہیں۔ رینارڈ نے سکوں کے ملنے کو غیبی مدد قرار دیتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے ہماری لاٹری لگ گئی ہو۔
ماہرین آثار قدیمہ کی ایک تحقیقی ٹیم نے جائے وقوعہ کا دورہ بھی کیا ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ اس جگہ سے تاریخی حیثیت کے دیگر نوادرات بھی مل سکتے ہیں جس کے لیے اس جگہ کھدائی کرنا پڑی تو وہ بھی کریں گے۔