کرونا وائرس کا خوف، چینی جوڑے کی اپنی ہی شادی میں ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت

Last Updated On 06 February,2020 06:09 pm

بیجنگ: (ویب ڈیسک) چین میں اس وقت کرونا وائرس کی بیماری پھیلی ہوئی ہے اس بیماری کے باعث 500 سے زائد افراد زندگی کی بازی ہار گئے ہیں جبکہ چین کے علاوہ بھی دیگر بیس ممالک میں یہ بیماری پھیل چکی ہے۔ کرونا وائرس جہاں اپنا خوف پھیلایا ہوا ہے وہی پر ایک ایسی خبر سامنے آئی ہے جس نے سب کو حیران کر ڈالا ہے۔ کرونا وائرس کے خوف کی وجہ سے مہمانوں نے چینی جوڑے کی شادی میں شرکت سے انکار کردیا جس پر دولہا دُلہن نے مہمانوں کو ہال میں بلا کر خود براہ راست ویڈیو کے ذریعے شادی میں شرکت کی۔

برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق سنگاپور کا رہائشی چینی جوڑا شادی سے چند روز قبل ہی چین کا دورہ کرکے واپس آیا جس کے بعد دولہا دُلہن نے مہمانوں کو شادی میں شرکت کی دعوت دی تو مہمانوں نے ان کے چین کے دورے کے باعث ان میں کرونا وائرس کے خوف کی وجہ سے تقریب میں شرکت سے انکار کردیا۔

مہمانوں کے انکار پر دولہا دلہن نے شادی کی تقریب منسوخ کرنے کی بجائے ایک انوکھا حل نکالا اور براہِ راست ویڈیو کے ذریعے اپنی شادی میں شرکت کی۔

شادی کی تقریب میں شرکت کے لیے تمام مہمان شادی ہال پہنچے جہاں دولہا دُلہن نے مہمانوں سے دور رہنے کے لیے خود کو ویڈیو کال پر رکھا اور شادی ہال میں اپنی حاضری ویڈیو کال کے ذریعے یقینی بنائی، اس دوران دولہا دُلہن نے شادی کے لباس بھی زیب تن کیے اور ہال میں موجود مہمانوں سے ویڈیو کال کے ذریعے ہی مبارکبادیں وصول کرتے رہے۔

خبر رساں ادارے کے مطابق دولہا دُلہن کا تعلق چینی صوبے ہونان سے ہے جس کی سرحد کرونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر چینی صوبے ہوبئی سے ملتی ہے۔

دولہا دُلہن حال ہی میں نئے سال کا آغاز ہونان میں اپنی فیملی کے ساتھ کرکے سنگاپور واپس لوٹے تھے۔

خبر رساں ادارے کے مطابق اس موقع پر دلہا کا کہنا تھا کہ جب مہمانوں نے کرونا کے خوف کی وجہ سے تقریب میں شرکت سے انکار کیا تو انہوں نے ویڈیو لنک کے ذریعے تقریب کے انعقاد کا فیصلہ کیا جس سے تمام مہمان حیرت زدہ ہوگئے لیکن پھر سب لوگوں نے خوشی خوشی تقریب میں شرکت کی۔

واضح رہےکہ چین کے بعد کرونا وائرس کے سب سے زیادہ کیسز سنگاپور میں سامنے آئے ہیں جن کی تعداد 28 ہے۔
 

Advertisement