کرونا وائرس: سام سنگ نے چین میں سب سے بڑا سٹور بند کر دیا

Last Updated On 06 February,2020 09:15 am

بیجنگ: (ویب ڈیسک) چین سے پھیلنے والی پر اسرار بیماری کرونا وائرس نے ہر طرف اپنا خوف پھیلایا ہوا ہے، اب تک اس بیماری کے باعث چار سوسے زائد افراد زندگی کی بازی ہار گئے ہیں، جبکہ بیس ہزار سے زائد افراد متاثر بھی ہوئے ہیں، بیماری کے باعث دنیا بھر کے ممالک نے اپنی فلائٹیں چین کے لیے بند کر دی ہیں جس کے باعث چین کو معاشی نقصان بھی اٹھانا پڑ رہا ہے، اسی حوالے سے ایک اور خبر سامنے آئی ہے، ٹیکنالوجی کمپنی سام سنگ نے کرونا وائرس کے باعث چین میں اپنا سب سے بڑا سٹور عارضی طور پر بند کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

سام سنگ ترجمان کے اعلامیے کے مطابق کمپنی نے چین کے شہر شنگھائی میں اپنا فلیگ شپ سٹور عارضی طور پر بند کردیا ہے۔ یہ سٹور چین میں سام سنگ کا سب سے بڑا سٹور تصور کیا جاتا ہے جو گزشتہ سال اکتوبر میں کھلا تھا جہاں متعدد الیکٹرانک پروڈکٹس، سمارٹ فونز اور ٹیبلٹس فروخت کیے جاتے تھے۔

کمپنی ترجمان کا کہنا ہے کہ ہم نے اپنا سٹور تحفظ کی وجہ سے عارضی طور پر بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

چینی میڈیا کہ مطابق چین میں سام سنگ کے سٹور کا دوبارہ کھلنا یہاں کے حالات پر ہی منحصر کرتا ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل مقبول ٹیکنالوجی کمپنی ایپل چین کے مین لینڈ میں اپنے تمام تر کارپوریٹ آفس، سٹورز اور کانٹیکٹ سینٹرز کو 9 فروری سے بند کرنےکا علان کیا تھا جبکہ سرچ انجن کمپنی گوگل نے بھی بیجنگ میں موجود اپنا دفتر عارضی طور پر بند کر دیا تھا۔

پُراسرار کرونا وائرس نے جہاں چین میں موجود لوگوں کی زندگیوں کو بُری طرح متاثر کیا ہے وہیں چین کو معاشی طور پر بھی بے حد نقصان پہنچایا ہے۔

چین میں دنیا کی سب سے بڑی انٹرنیٹ مارکیٹ ہے جب کہ چین دنیا کا سب سے بڑا صنعتی مرکز ہے، پُراسرار وائرس کی وجہ سے دنیا کے تقریباً تمام تر صنعت کاروں اور دیگر عالمی کمپنیوں نے چین میں موجود اپنے دفاتر عارضی طور پر بند کر دیئے ہیں جس کے باعث معاشی طور پر بھی نقصان ہو رہا ہے۔

 

Advertisement