لاہور: (دنیا نیوز) سردیاں گزارنے کے لیے آئے لاکھوں مہمان پرندوں کی رامسر سائٹس سے واپسی جاری ہے، ملک میں 20 آبی گزرگاہوں کو رامسر سائٹس کا درجہ حاصل ہے۔
سردیاں شروع ہوتے ہی سائبیریا کے شدید سرد علاقوں کو چھوڑ کر لاکھوں مہمان پرندے پاکستان کا رخ کرتے ہیں۔ اِن کی آمد کے باعث ملک کی 20 رامسر سائٹس راج ہنس، حواصل، لق لق، چمچہ بزا، سرخاب، سیخ پا، پھاراؤ، لال سر، نیل سر، چارو بطخ، پن ڈبی، جل مرغی اور دیگر خوبصورت پرندوں سے بھر جاتی ہیں۔
1971 میں ایران کے شہر رامسر میں ہونے والے ایک کنونشن کے تحت پاکستان میں 20 ایسی آبی گزرگاہوں کو رامسر سائٹس کا درجہ حاصل ہے جہاں 20ہزار یا اس سے زیادہ تعداد میں پرندے قیام کرتے ہیں۔
اِس سال بھی اِن قیام گاہوں پر ڈیرے ڈالنے والے 60 فیصد پرندے واپس جا چکے ہیں۔ رواں سیزن کے دوران آنے والے پرندوں کی تعداد میں خاصی کمی بھی ریکارڈ کی گئی۔ ضروری ہے کہ روٹھنے والے پرندوں کو منانے کے لیے ہرسطح پر مربوط کوششیں کی جائیں۔