ریاض: (ویب ڈیسک) سعودی عرب کی حکومت نے اونٹوں کے لئے دنیا کے سب سے بڑے ہسپتال کی تعمیر کا منصوبہ بنایا ہے۔
عرب خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی عرب کی وزارت زراعت و ماحولیات نے اونٹوں کے لئے دنیا کا سب سے بڑا ہسپتال بنانے کی منصوبہ بندی مکمل کرلی ہے۔ یہ ہسپتال سعودی عرب کی القصیم گورنری میں تعمیر کیا جائے گا اور اس پر 10 کروڑ ریال کی لاگت آئے گی اور اس کے قیام کے لیے پبلک سیکٹر سے بھی معاونت حاصل کی جائے گی۔
‘سلام ہسپتال برائے کیمل ویٹرنری’ کے نام سے بنایا جانے والے اس ہسپتال میں نہ صرف اونٹوں کو لاحق ہونے والی بیماریوں کا علاج کیا جائے گا بلکہ دنیا بھر میں پائے جانے والے مختلف اقسام کے اونٹوں کی پرورش اور ان کی افزائش نسل بھی کی جائے گی۔
سعودی عرب کے سیکرٹری برائے امور حیوانات ڈاکٹر حمد البطشان کا کہنا ہے کہ نئے ویٹرنری اسپتال کے قیام سے ملک میں اونٹوں کی پروش اور ان کی تعداد میں اضافے میں مدد ملے گی۔ اس کے علاوہ سعودی حکومت ملک میں اونٹوں کی پرورش کے لیے مقامی اور غیرملکی سرمایہ کاروں کی حوصلہ افزائی بھی کرے گی۔