لاک ڈاؤن میں شادی، جب والدین کا کردار پولیس اہلکاروں نے نبھایا

Last Updated On 04 May,2020 06:38 pm

ممبئی: (ویب ڈیسک) دنیا بھر میں کورونا وائرس کے باعث دلچسپ و عجیب خبریں سامنے آ رہی ہیں، بھارت میں کبھی ’گو کورونا گو‘ کے گانے گائے جاتے ہیں، کبھی شہری درختوں پر ’قرنطینہ‘ کے دن گزار رہے ہیں، اسی طرح بھارت سے ایک خبر یہ بھی تھی کہ ماں نے بیٹے کو سبزی لینے بھیجا تو وہاں دلہن لے آیا جس کے بعد والدہ تھانے پہنچ گئی تھی۔ اب اسی حوالے سے ایک اور خبر آئی ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق بھارتی شہر پونے میں مارکیٹنگ پروفیشل اور ڈاکٹر کی شادی پولیس اہلکاروں کی موجودگی میں انجام پائی اور شادی کی رسم کنیادان میں ایک پولیس آفیسر اور ان کی بیوی نے جوڑے کے والد اور والدہ کا کردار ادا کیا۔

آدتیا بشت اور نیہا کشواہا کی شادی ریاست اترکھنڈ کے شہر دیہرادون میں دو مئی کو ہونا طے پائی تھی، تاہم لاک ڈاؤن کی وجہ سے تقریب شیڈول کے مطابق نہ ہوسکی۔

یہ بھی پڑھیں: سبزی لینے گیا بیٹا دلہن لے آیا، ماں تھانے پہنچ گئی

این ڈی ٹی وی کے مطابق پولیس اہلکار کا کہنا تھا کہ دونوں کی شادی مہاراشٹرا کے شہر پونے میں ہوئی جس میں جوڑے کے والدین نے ویڈیو کال پر ناگپور اور دیہرادون سے شرکت کی۔

پولیس افسر پراساد کا کہنا تھا کہ گزشتہ مہینے آدتیا کے والد دیوندرا بشت نے پونے پولیس کے کنٹرول روم یہ پوچھنے کے لیے فون کیا تھا کہ اگر لاک ڈاؤن کے دوران جوڑے کا دیہرادون جانا ممکن ہوگا۔ انہیں میرا نمبر یوں ملا کہ میں (پونے میں) ہداپسر پولیس سٹیشن کا نوڈل افسر ہوں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ جب ہم نے انہیں (آدتیا کے والد کو) بتایا کہ لاک ڈاؤن کے دوران اس مقصد کے لیے نقل و حرکت ممکن نہیں تو دیوندرا بشت نے پوچھا کہ کیا پولیس ان دونوں کی (پونے میں) شادی کروانے میں مدد کرسکتی ہے؟ میں نے اپنے سینئرز سے بات کی جنہوں نے اجازت دے دی۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا وائرس: دُلہا سائیکل پر 100 کلومیٹر سفر کر کے دلہن لے آیا

انہوں نے مزید بتایا کہ ہم نے یہاں ایک ہال میں شادی کی تیاری میں مدد کی۔ میرے ساتھی اہلکار منوج پٹیل اور ان کی اہلیہ نے ’کینادان‘ کی رسم میں والدین کا کردار ادا کیے، جبکہ دونوں کے والدین نے ناگپور اور دہرادون سے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔