چڑیا گھر کے ہرن لاک ڈاون کے دوران انسانوں کی کمی محسوس کرنے لگے

Last Updated On 01 May,2020 02:32 pm

لاہور: (دنیا نیوز) انسانی مداخلت ختم ہونے سے چڑیا گھر کے جانوروں اور پرندوں کی اکثریت خوش نظر آئی اور افزائش نسل میں بھی مثبت تبدیلیاں رونما ہونے لگیں۔ صرف ہرنوں کے خاندان سے تعلق رکھنے والے جانوروں میں انسانوں کی کمی محسوس کرنے کی علامات دیکھی گئی ہیں۔

1872 میں قائم ہونے والے لاہور چڑیا گھر میں 120 اقسام کے 12 سو کے قریب جانور اور پرندے موجود ہیں۔ لاک ڈاؤن سے پہلے یہاں ہرروز بڑی تعداد میں سیاح آیا کرتے تھے لیکن اب یہ کورونا وائرس کے باعث تقریبا ڈیڑھ ماہ سے بند پڑا ہے۔

انسانی مداخلت ختم ہونے سے یہاں موجود جانوروں اور پرندوں کی اکثریت میں مثبت تبدیلیاں دیکھنے میں آئی ہیں جبکہ اِن کی افزائش نسل میں بھی بہتری دیکھی گئی ہے۔

بتایا گیا ہے کہ جانوروں میں شیر ، چیتے اور بھالو اور کچھ دیگر بڑے جانور زیادہ پرسکون دکھائی دیتے ہیں کیونکہ یہ انسانی مداخلت سے زیادہ دباؤ محسوس کرتے ہیں۔

دوسری طرف ہرن کے خاندان سے تعلق رکھنے والے جانور انسانوں کی کمی محسوس کرنے کی علامات دیکھی گئی ہیں تو پرندوں کی عادات میں بھی مثبت تبدیلی ریکارڈ کی گئی ہیں۔ جانوروں اور پرندوں کی یہ صورت حال ہم انسانوں کے لیے یقینا ایک سبق بھی ہے۔