لاہور: (ویب ڈیسک) دنیا بھر میں کورونا وبا سے بچاو کیلئے جہاں سائنسی اور عملی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں وہاں بھارت میں عجیب و غریب طریقہ اختیار کیا گیا ہے، ریاست تامل ناڈو میں قومی شاہراہ پر 7 فٹ اونچی دیوار کھڑی کر دی گئی۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق بھارتی حکام نے ریاست تامل ناڈو میں داخلے کیلئے استعمال ہونے والی آندھرا پردیش سے منسلک 2 سڑکوں کو دیوار بنا کر بند کر دیا۔
اس دیوار کے سبب جہاں ٹریفک کی آمدورفت رک گئی وہاں اشیائے خورونوش کی سپلائی بھی نہیں پہنچ سکیں اور علاقے کے عوام شدید پریشانی سے دوچار ہو گئے۔ حتی کہ ایمبولینسز کو بھی گزرنے نہیں دیا جا رہا۔ معاملہ طول پکڑنے پر عوام نے دیوار گرانے کا مطالبہ کر دیا۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ حکام لاک ڈاون سے بے حال عوام کو اشیائے ضروریہ کی عدم ترسیل پر ٹس سے مس نہیں ہو رہے اور دیوار برقرار رکھنے پر مصر ہیں۔