کولمبو: (ویب ڈیسک) دنیا بھر میں جانوروں کے حوالے سے کچھ ایسی خبریں سامنے آتی ہیں جن پر فوری طور پر یقین کرنا مشکل ہو جاتا ہے، ایسی ہی خبر سری لنکا آئی ہے، جہاں پر ایک کتا ٹوکری میں پھل، سبزیاں، اور دیگر ضروری اشیاء سپر مارکیٹ سے لیکر لوگوں کے گھروں تک پہنچاتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق عالمی وبا کورونا وائرس کی وجہ سے تمام تر مارکیٹیں اور سپر مارکیٹس بھی بند ہیں جب کہ لوگ احتیاطی تدابیر پر عمل کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کر رہے ہیں اور ضروری اشیاء آن لائن ہی منگوارہے ہیں۔
آن لائن ضروری اشیاء گھر منگوانے کے لیے متعدد ممالک میں ربوٹ کا بھی استعمال کیا جا رہا ہے لیکن اب حال ہی میں کولمبو کی ایک سپر مارکیٹ صارفین تک ضروری اشیاء پہنچانے کے لیے کتے کا استعمال کر رہی ہے۔
خبر رساں ادارے کے مطابق 8 سالہ کتا ایروس ایک ٹوکری میں پھل، سبزیاں، اور دیگر ضروری اشیاء سپر مارکیٹ سے لے کر لوگوں کے گھروں تک پہنچاتا ہے۔
کتے کی مالکن کا کہنا ہے کہ ایروس سماجی فاصلہ برقرار رکھنے میں ہماری مدد کرتا ہے اور اس سے لوگ بھی بیحد خوش ہوتے ہیں کہ کتا ان کے گھر پر ضروری اشیاء لے کر آتا ہے۔
کتا جب کسی بھی صارف کے گھر ٹوکری میں سامان لے کر جاتا ہے تو یہ کتے کو دیکھ کر خوش ہونے کے ساتھ ساتھ کتے کو تحفے تحائف بھی دیتے ہیں۔