لاہور: (ویب ڈیسک) چین میں دیہاتیوں نے جھیل میں تیرتی ایک پُر اسرار مخلوق کی ویڈیو بنائی ہے جس کو بڑے بوڑھے چینی تہذیب میں کرشماتی تصور کے حامل ڈریگن سے تعبیر کر رہے ہیں۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق چین میں ہزاروں دیہاتی ڈریگن دیکھے جانے کی اطلاع پر مقامی جھیل کی طرف اندھا دھند دوڑ پڑے جس میں مبینہ طور پر پراسرار مخلوق کو تیرتے دیکھا گیا۔ دیہاتی جب جھیل پر پہنچے تو انہیں پانی کے اندر کچھ تیرتا تو دکھائی دیا لیکن اس مخلوق کا جسم پانی کی سطح سے باہر نہیں آیا۔ سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پانی کی سطح پر 10 فٹ لمبی مخلوق کے تیرنے کی نشاندہی تو ہو رہی ہے لیکن وہ مخلوق نظر نہیں آ رہی۔
کچھ لوگوں کا یہ بھی کہنا تھا کہ انہوں نے ڈریگن کی مخصوص چنگھاڑ سنی ہے تاہم حکام نے عوام میں پائی بے چینی ختم کرنے کیلئے ماہرین کی ایک ٹیم طلب کر لی جو تحقیق کے بعد بتائے گی کہ یہ ڈریگن ہی تھا یا کوئی مچھلی نما آبی جانور تھا۔