8 ماہ سے تھانہ میں قید مرغے کو ضمانت پر رہائی مل گئی

Last Updated On 30 July,2020 05:07 pm

گھوٹکی: (دنیا نیوز) سندھ کے ضلع گھوٹکی میں آٹھ ماہ سے تھانہ میں قید مرغے کو ضمانت پر رہا کر دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق پولیس نے گھوٹکی میں جوئے کے اڈے پر چھاپے میں ملزمان سے مرغا بھی برآمد کر لیا تھا، اڈے میں مرغوں کی لڑائی پر جوا ہو رہا تھا، تاہم برآمد ہونے والا مرغا اہلکاروں کے لیے بھی اب درد سر بن گیا تھا۔

پولیس کے مطابق گھوٹکی میں 8 ماہ قبل مرغوں کی لڑائی پر جوئے کے دوران چھاپا مارا گیا تھا، چند ملزمان کو بھی گرفتار کر لیا گیا تھا، تاہم انھوں نے اپنی ضمانتیں تو کرا لیں لیکن مرغے کا کچھ نہ ہو سکا۔

یہ بھی پڑھیں: ملزمان نے ضمانتیں کرا لیں، مرغا نہ کرا سکا، عدالت میں پیشیاں تاحال جاری

چونکہ پولیس نے مقدمے میں مرغے کی برآمدگی کا بھی ذکر کیا تھا اس لیے عدالت میں سماعت پر ہر بار پولیس اہلکاروں کو مرغے کو بھی پیش کرنا پڑ رہا ہے ادھر تھانے میں موجود اہلکار مرغے کی دیکھ بھال اور خوراک سے بھی پریشان ہو گئے ہیں۔

آٹھ ماہ قید رہنے کے بعد مالک نے بالآخر مرغے کی ضمانت کرا لی ہے جس کے بعد آٹھ ماہ بعد مرغہ ضمانت پرہا کر دیا گیا ہے اور اب وہ آزاد زندگی گزار سکے گا۔ 

یاد رہے کہ چند ماہ قبل بیلو میرپور پولیس نے سید پور کے علاقے میں ایک جوئے کے اڈے پر چھاپا مار کر تین جواریوں حمزو محمدانی، غلام حیدر شیخ اور فدا حسین کو ایک لڑاکا مرغے کے ساتھ گرفتار کیا تھا، ملزمان نے اپنی ضمانت کرانے کے بعد مرغے کی ضمانت کے لیے بھی عدالت سے رجوع کیا تاہم اس کی ضمانت نہیں ہو سکی، ملزمان کا مؤقف تھا کہ تھانے میں مرغے کی صحیح طور پر دیکھ بھال نہیں ہو رہی ہے۔