اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی حکومت نے مولانا فضل الرحمان کے بھائی ضیاء الرحمان کی تقرری کے معاملے پر سندھ حکومت کو دی گئی خدمات واپس لے لیں۔
اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی طرف سے نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے جس میں ضیاالرحمان کو خیبرپختونخوا حکومت کو رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔قبل ازیں سندھ حکومت کی جانب سے جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کی درخواست پر ضیاالرحمان کو کراچی میں ڈپٹی کمشنر سینٹرل ڈسٹرکٹ کی اہم پوزیشن پر تعینات کیا گیا تھا۔ خیبرپختونخوا میں خدمات سرانجام دینے والے ضیاالرحمان کے سندھ تبادلے پر تحریک انصاف کو شدید تحفظات تھے اور پارٹی رہنما حلیم عادل شیخ نے معاملے پر عدالت جانے کا اشارہ دیا تھا۔
واضح رہے فضل الرحمن کے بھائی ن لیگی دور میں ڈپٹی کمشنر خوشاب بھی تعینات رہے ہیں۔