اسلام آباد: (دنیا نیوز) صورتحال دن بدن بہتر، کورونا سے اموات میں مسلسل کمی ہونے لگی، مہلک وائرس نے 20 افراد کی جان لے لی، جس کے بعد اموات کی تعداد 5 ہزار 842 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 2 لاکھ 74 ہزار 289 ہوگئی۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایک ہزار 176 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 92 ہزار 73، سندھ میں ایک لاکھ 18 ہزار 311، خیبر پختونخوا میں 33 ہزار 397، بلوچستان میں 11 ہزار 601، گلگت بلتستان میں ایک ہزار 989، اسلام آباد میں 14 ہزار 884 جبکہ آزاد کشمیر میں 2 ہزار 34 کیسز رپورٹ ہوئے۔
ملک بھر میں اب تک 18 لاکھ 90 ہزار 236 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 22 ہزار 56 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 2 لاکھ 41 ہزار 26 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ ایک ہزار 229 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 20 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 5 ہزار 842 ہوگئی۔ پنجاب میں 2 ہزار 116، سندھ میں 2 ہزار 151، خیبر پختونخوا میں ایک ہزار 178، اسلام آباد میں 164، بلوچستان میں 136، گلگت بلتستان میں 48 اور آزاد کشمیر میں 49 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔