اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان میں تعینات جرمن سفیر برنارڈ شلاگلہک نے کہا ہے کہ ان کے ملک نے کورونا وائرس کے باعث سماجی اور معاشی اثرات پر قابو پانے کی کوششوں اور زیادہ سے زیادہ پائیدار مستقبل کے لئے اقدامات کے لئے پاکستان سے تعاون کیا ہے۔
اے پی پی کو ایک انٹرویو میں سفیر برنارڈ شلاگلہک نے بتایا کہ دونوں ملکوں کےدرمیان کامیاب دوطرفہ تعلقات دہائیوں پر محیط ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اچھے نظم و نسق ،پائیدار معاشی ترقی، موسمیاتی تبدیلی اور قابل تجدید توانائی کے شعبوں میں پچاس کروڑ یوروز سے زائد کا تعاون موجود ہے۔
انہوں نے کہا کہ جرمن حکومت نے وبا کےخلاف جنگ میں پاکستان کی مقامی حکومتوں سے تعاون بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ پاکستان میں معاشی سرگرمیوں کے فروغ کےلئے پانچ لاکھ یوروز فراہم کئے گئے ہیں جس سے مقامی سطح پر وبا کی وجہ سے پیدا ہونے والے معاشی اور سماجی اثرات کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔
جرمن سفیر نے کہا کہ جرمنی افغان پناہ گزینوں کی میزبانی کرنے پر پاکستان کو ساٹھ لاکھ یوروز فراہم کرے گا جو صحت اور تعلیمی خدمات کے بہتری پر خرچ کئے جائیں گے۔