اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے قومی صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ پاکستان میں کورونا کیسز میں 80 فیصد کمی ہوئی ہے۔
ڈاکٹر ظفر مرزا کا پریا کانفرنس کے دوران میڈٰیا کو بریفنگ میں کہنا تھا کہ پاکستان میں کورونا سے متعلق صورتحال بہتر ہو رہی ہے۔ عالمی سطح پر بھی پاکستان میں کورونا کیسز میں کمی کا اقرار کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں عالمی اداروں کے اندازے دھرے کے دھرے رہ گئے، 2 لاکھ 73 ہزار تشخیص شدہ مریضوں میں سے 2 لاکھ 37 ہزار صحت یاب ہوئے۔
ظفر مرزا نے کہا کہ پاکستان کو اب 2 بڑے چیلنجز عید اور محرم الحرام پر درپیش ہیں۔ عید اور محرم الحرام کے دوران کورونا کے چیلنج کا سامنا ہوگا۔
معاون خصوصی صحت نے کہا کہ پاکستان میں کورونا کیسز میں دوبارہ اضافہ ہو سکتا ہے۔ عیدالفطر پر سماجی فاصلہ نظر انداز کرنے سے کورونا پھیلا، سماجی فاصلہ اور احتیاطی تدابیر کو کسی صورت نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔
انہوں نے کہا کہ عیدالاضحیٰ پر انتہائی سمجھ داری کے ساتھ فیصلے کرنے ہیں، عیدالاضحیٰ کیلئے بہت پہلے سے تیاری شروع کی ہے، عیدالاضحیٰ کیلئے علمائے کرام سے مشاورت کی۔