وزیراعظم کا شوگر کمیشن رپورٹ پر ایف بی آر، نیب، ایف آئی اے کو تحقیقات کا حکم

Last Updated On 27 July,2020 02:07 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم نے شوگر مافیا کیخلاف کریک ڈاؤن کا بڑا فیصلہ کرتے ہوئے شوگر کمیشن رپورٹ پر ایف بی آر، نیب، ایس ای سی پی، ایف آئی اے کو تحقیقات کا حکم دے دیا۔

وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر مشیر احتساب و داخلہ شہزاد اکبر نے خطوط ارسال کیے، گورنر سٹیٹ بینک، مسابقتی کمیشن اور تین صوبوں کو بھی خط لکھ دیے گئے۔ خطوط کیساتھ شوگر کمیشن رپورٹ بھی بھجوا دی گئی۔

وفاقی حکومت نے 90 روز میں عمل درآمد رپورٹ پیش کرنے کا کہہ دیا۔ وفاقی کابینہ نے 23 جون کو ایکشن پلان کی منظوری دی تھی۔ ایف بی آر کو ملک بھر کی تمام شوگر ملز کا آڈٹ کرنے کی بھی ہدایت کر دی گئی۔

خط کے متن میں کہا گیا کہ ایف بی آر شوگر ملز کی بے نامی ٹرانزیکشنز کی تحقیقات کرے، نیب شوگر کمیشن کے نتائج کی روشنی میں زمہ داران کا تعین کرے۔ نیب کو شوگر ملز اور مالکان کے مالی معاملات کی تحقیقات کا کہہ دیا گیا۔