نئی دہلی: (روزنامہ دنیا) بھارتی سافٹ ویئر انجینئر سچن سانگے اپنے فارغ وقت میں چاک کو خاص دھاتی کیل سے کرید کر ان پر خوبصورت شاہکار تخلیق کرتے ہیں اور وہ مشہور شخصیات اور ہندومت کی دیوی دیوتاؤں کے کئی منی ایچر چاک ماڈل بناچکے ہیں۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق چاک پر فن پارے بنانا سچن سانگے کے بچپن کا شوق تھا، ان کا کہنا ہے کہ ایک مجسمہ مکمل ہونے میں انہیں پانچ سے چھ گھنٹے لگتے ہیں، اگر کام مزید باریک ہو تو 130 گھنٹے تک لگ سکتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اب تک وہ 200 سے زائد منی ایچر مجسمے بناچکے ہیں جن میں تاج محل جیسا شاہکار بھی شامل ہے جسے بنانے میں 80 گھنٹے لگے تھے۔ چاک کو مینی ایچر میں ڈھالنا انتہائی مشقت طلب کام ہے، یہ اتنا نازک ہے کہ اگر ذرا سا بھی دھیان چوک جائے تو ساری محنت دھری کی دھری رہ سکتی ہے۔